صوبوں میں سابق حکومتوں کے تعینات کردہ اعلیٰ ترین افسران تبدیل

June 13, 2018

نگران وفاقی حکومت نے صوبوں میں سیاسی ادوار کے مقرر کردہ اعلیٰ افسران کو تبدیل کرنے کا حکم دیدیا۔ چاروں چیف سیکرٹریز اور صوبوں کی پولیس کے سربراہوں کو تبدیل کردیا۔ نئے مقررہ کردہ افسران کو کل اسلام آباد طلب بھی کرلیا گیا ہے۔

شفاف انتخابات یقینی بنانے کیلئے نگران وزیر اعظم کی زیرصدارت کابینہ اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ چاروں صوبوں میں سابق سیاسی حکومتوں کے تعینات کردہ اعلیٰ ترین افسران تبدیل کرنے کا حکم دیدیا گیا۔

چاروں صوبائی سیکرٹریز اور آئی جیز کو عہدوں سے ہٹا کر الیکشن کمیشن کی مشاورت سے نئی تقرریاں کردی گئیں ۔

نوٹیفکیشن کے مطابق، اکبر حسین درانی چیف سیکرٹری پنجاب، اعظم سلیمان سندھ ، نوید کامران کے پی جبکہ اختز نذیر بلوچستان کے چیف سیکریٹری تعینات ہوگئے۔

محکمہ پولیس میں کلیم امام کو آئی جی پنجاب، امجد سلیمی آئی جی سندھ،  محمد طاہر آئی جی کے پی اور محسن حسن بٹ کو آئی بلوچستان لگا دیا گیا ۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نئے تعینات کردہ آٹھوں افسران کو چودہ جون کو طلب کرلیا۔ میٹنگ کی صدارت خود چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا خان کرینگے ۔

افسران کو پچیس جولائی کے انتخابات کی سکیورٹی انتظامات کیلئے اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئِی ہے۔

 
 
 

ضرور دیکھئے