کراچی میں مون سون سے قبل نالوں کی صفائی کا کام شروع

کراچی میں مون سون سے قبل نالوں کی صفائی کا کام شروع

Samaa Web Desk
June 13, 2018

میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ نالوں کی صفائی کیلئے کے ایم سی نے کام شروع کردیا ہے، مقررہ وقت پر نالے صاف نہیں ہوئے تو وہ اکیلے ذمہ دار نہیں ہونگے۔

کے ایم سی بلڈنگ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے میئر کراچی نے بتایا کہ حکومت سندھ نے 50کروڑ روپے نالوں کی صفائی کیلئے دے دیئے ہیں ، کے ایم سی نے نالوں کی صفائی کا کام شروع کردیا ہے۔

میئر کراچی نے کہا کہ مون سون شروع ہونے والا ہے نالوں کی صفائی کیلیے کام کرنے کی ضرورت ہے، مگر کراچی کے نالے چوک ہو چکے ہیں، عدالت نے بھی کہا کہ کراچی کے 38 نالے صاف کیے جائیں، کراچی کا سب سے بڑا نالہ گجر نالہ ہے، جہاں جہاں ضرورت ہوگی نالوں کی دیواریں بھی بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ حکومت کی جانب سے ملنے والی رقم نالوں کی بہتری پر لگے، اکیلا کچھ نہیں کرسکتا متعلقہ اداروں کو ساتھ لے کر چلوں گا، میں لوگوں کی بھلائی کیلیے کام کررہا ہوں۔

وسیم اختر نے کہا کہ انتخابات کی تیاری وفاق اور صوبائی حکومت کرے میں اپنا کام کررہا ہوں، پورے کراچی کا کنٹرول کے ایم سی کے پاس ہونا چاہیئے،پولیس کا کنٹرول بھی کے ایم سی کے پاس ہونا چاہیئے۔