سٹی کورٹ اور الیکشن کمیشن کا دفتر اکھاڑہ بن گیا

Shafqat Aziz
June 11, 2018

رپورٹ : شفقت عزیز

کراچی میں انتخابی دنگل سجا تو امیدواروں نے سٹی کورٹس اور الیکشن کمیشن کو ہی اکھاڑہ بنالیا، پی ٹی آئی کی خاتون کھلاڑی نے الیکشن کمیشن آفس میں توڑپھوڑ کردی، سٹی کورٹ کے باہر سرائیکی قومی موومنٹ اور متحدہ مجلس عمل کے کارکنان بھی لڑپڑے۔

عوام سے ووٹ کی امید رکھنے والے بے صبرے ہوگئے، کراچی میں پہلے فارم جمع کرانے کی کوشش میں الیکشن کمیشن آفس اکھاڑہ بن گیا، پھر سٹی کورٹ کے باہر بھی کارکن لڑپڑے۔

الیکشن کمیشن آفس میں پی ٹی آئی کی خاتون کارکن اسما رضوی لڑپڑیں، الیکشن کمیشن آفس میں توڑ پھوڑ ہوئی تو پولیس بھی پہنچ گئی اور اسما رضوی کو گرفتار کرلیا جبکہ اسما رضوی کہتی ہیں کہ معذور امیدوار کے فارم جلدی جمع کروانے کی کوشش کررہی تھیں۔

دوسری جانب سٹی کورٹ کے باہربھی بے صبری دیکھی گئی ، ڈائس پر پہلے پہنچنے کے لیے سرائیکی قومی موومنٹ اور متحدہ مجلس عمل کے کارکن آپس میں لڑپڑے۔

عوام کی ترجمانی کے لیے ایوان میں جانے کی امید رکھنے والے ابھی سے گتھم گتھا ہیں ایوان پہنچ کر کیا کچھ کریں گے۔