حمزہ پر ریحام کا جوابی وار، دھمکی آمیز ای میل منظر عام پر لے آئیں

June 2, 2018

حمزہ علی عباسی کے انکشافات پر ریحام خان نے ٹوئٹر پر جوابی وار کر ڈالے، کہتی ہیں کہ حمزہ اگست 2017ء سے دھمکیاں دے رہے ہیں، مجھے خاموش کرانے کی کوشش کی جارہی ہے، حمزہ علی عباسی نے چوری سے کتاب پڑھی۔ کتاب کی مفت تشہیر پر ریحام نے ٹوئٹر پر سوشل میڈیا مافیا کا بھی شکریہ ادا کردیا۔

ریحام خان نے حمزہ علی عباسی کے انکشافات پر ٹویٹر پر خوب جوابی وار کیا، بولیں کہ اداکار و اینکر 2017ء سے دھمکیاں دے رہے ہیں، مجھے خاموش کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حمزہ علی عباسی نے مجھے دھمکیاں دیں، میرے پاس آپ کی ذاتی ای میلز کا ڈیٹا موجود ہے۔

عمران خان کی سابق اہلیہ حمزہ علی عباسی کی ای میل بھی منظر عام پر لے آئیں، ای میلز میں کہا گیا ہے کہ کچھ لوگ آپ کا ڈیٹا منظرعام پر لانا چاہتے ہیں، عمران خان نے انہیں روکا ہوا ہے، امید ہے آپ عمران خان کی انتخابی مہم خراب کرنے کی کوشش نہیں کریں گی۔

حمزہ کی مبینہ ای میلز میں مزید کہا گیا ہے کہ ہیکرز کے پاس بہت زیادہ حساس ڈیٹا موجود ہے، یہ بھی لکھا کہ ای میل پڑھنے کے بعد فوری ڈیلیٹ کردینا، وہ ہمدرد بن کر پی ٹی آئی سے محتاط رہنے کا بھی کہتے رہے۔