بھارت نے کبھی حافظ سعید کیخلاف ٹھوس شواہد فراہم نہیں کئے، ڈی جی آئی ایس پی آر

Samaa Web Desk
May 17, 2018

ڈی جی آئی ایس آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے ہے کہ بھارت نے کبھی حافظ محمد سعید کیخلاف کوئی ٹھوس شواہد فراہم نہیں کئے۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کو اپنے انٹرویو میں ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید کیخلاف کوئی ثبوت موجود نہیں، انہیں عدالت کی جانب سے بری کیا جاچکا ہے، وہ پاکستان کے شہری ہیں، پرتشدد کارروائیوں کے علاوہ انہیں ہر طرح کی آزادی حاصل ہے۔

کیا حافظ سعید انتخابات میں حصہ لیں گے؟

میجر جنرل آصف غفور کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر شخص کو سیاست میں حصہ لینے کا پورا پورا حق ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اپنا ضابطہ اخلاق اور قوانین ہیں، اگر حافظ سعید ان پر پورا اترتے ہیں تو اس پر فیصلہ کرنا ای سی پی کا کام ہے۔

سول ملٹری تعلقات

ڈی جی آئی پی آر نے اس طرح کے تاثرات کو یکسر مسترد کردیا کہ پاک فوج جمہوریت کو جڑیں مضبوط کرنے کا موقع نہیں دے رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ بتائیں آرمی چیف، نیول چیف اور ایئر چیف کا تقرر کون کرتا ہے؟، یہ فوجی نے سول حکومت ہے۔

مزید جانیے : نوازشریف نے ڈان لیکس کو پھر زندہ کردیا

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں آئین کے تحت جمہوری حکومت قائم ہے۔

 بھارت کو پیغام

فوجی ترجمان کہتے ہیں پاکستان امن اور تعاون پر یقین رکھتا ہے، جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو اس کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔