اورنج ٹرین کی آزمائشی سروس کا آغاز

Samaa Web Desk
May 16, 2018

لاہور میں اورنج لائن ٹرین سروس کی آزمائشی سروس کا آغاز کردیا گیا ہے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے اورنج لائن ٹرین کےآزمائشی سفر کا آغاز کردیا، یہ منصوبہ 27 کلومیٹر طویل ٹریک پر محیط ہے، تیز رفتار ٹرین 45 منٹ میں ایک سرے سے دوسرے مقام تک کا سفر طے کرے گی۔

افتتاح کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف بھی ٹرین میں سوار ہوئے، ٹرین اسلام پارک سے لکمشی چوک تک کا سفرطے کرے گی۔

لکمشی چوک میں تقریب سےخطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا کہ پی ٹی آئی نے منصوبے کو روکنے کی کوشش کی، اورنج ٹرین عام آدمی کا منصوبہ ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اورنج ٹرین منصوبےپر75ارب روپےبچائے،نیازی لاکھ چاہے کیا ہوتا ہے وہی ہوتا ہے جو منظور خدا ہوتاہے،پنجاب میں اسپتال بھی بنےاوراسکول بھی، کے پی میں اسپتال بنےنہ اسکول، نیازی صاحب کی وجہ سے منصوبہ22ماہ تاخیر کا شکار رہا۔

مزید پڑھیں: اورنج لائن ٹرین منصوبہ کی تکمیل میں مزید تاخیر

وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ عمران خان کیاجانیں غریب کس طرح سفرکرتےہیں، عدالت کی اجازت کےبعد دن رات کام مکمل ہوا، پشاور میں جنگلہ بس کو کھڈے لائن لگا دیا گیا،عمران خان کی طرح عوام سےجھوٹ نہیں بولوں گا، چائنہ نے اورنج ٹرین لاہور والوں کو تحفے کے طور پر دی،منصوبہ پہلے مکمل ہونا تھا لیکن پی ٹی آئی عدالت چلی گئی۔

یاد رہے کہ گذشتہ سال پنجاب حکومت نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ کیلئے سرکاری خزانے سے ایک ارب 53 کروڑ چالیس لاکھ روپے اضافی جاری کیے تھے، مذکورہ اضافی فنڈ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی منظوری سے محکمہ خزانہ نے جاری ہوا تھا۔