پرویز رشید کو کیوں نکالا؟ کیپٹن صفدر نے حقیقت بتادی

Samaa Web Desk
May 16, 2018

پرویز رشید کو غلط نکالا یہ تو مریم نواز نے کل بتایا مگر پرویز رشید کو نکالا کیوں گیا یہ کیپٹن صفدر نے بتادیا، کہا ملک کو بھی تو چلانا تھا کچھ دو کچھ لو کی پالیسی اپنائی گئی، ن لیگی حکومت گرانےکا فیصلہ تو 3 ماہ میں ہی ہوگیا تھا۔

وزیر اطلاعات پرویز رشید کو ڈان لیکس میں ذمہ دار قرار دے کر عہدے سے فارغ کردیا گیا تھا، ان کے ساتھ امور خارجہ کے مشیر طارق فاطمی اور پریس انفارمیشن سیکریٹری راؤ تحسین کو بھی فارغ کردیا گیا تھا۔

گزشتہ روز وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وزیراطلاعات کو عہدے سے ہٹانا غلط تھا، لیکن پرویز رشید کو نکالا کیوں گیا؟ اس کی وجہ کیپٹن (ر) صفدر نے بتادی۔

پرویز رشید کو نکالنے سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ملک بھی تو چلانا تھا، کچھ دو کچھ لو کی پالیسی اپنائی گئی، مسلم لیگ ن حکومت کیخلاف 3 مہینے میں ہی فیصلہ ہوگیا تھا۔

کیپٹن صفدر بولے کہ میاں صاحب نے حکمت عملی سے ملک کو آگے بڑھایا، اعلامیہ مسترد ہونا تھا، ایک ٹوئٹ نے بھی اعلامیہ ریجیکٹ کیا تھا۔