رمضان پیکیج کا اعلان بے سود، عوام یوٹیلٹی اسٹور پر سستی اشیاء سے محروم

May 15, 2018

رمضان المبارک میں سستی اشیاء کی فراہمی کیلئے وفاقی حکومت نے پیکیج کا اعلان تو کردیا مگر لاہور میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر ابھی تک چینی سمیت کئی ضروری اشیاء دستیاب نہیں۔

حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی اسٹورز پر رمضان پیکیج کے تحت اشیائے صرف کا نرخ نامہ تو لگ گیا مگر نہ تو چینی ہے اور نہ ہی کوکنگ آئل کے زیادہ تر برانڈ، اسٹورز میں تاحال بہت سارے ریک خالی ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ چینی کے ساتھ ساتھ بہت سی اشیاء موجود نہیں، حکومت کو تمام اشیاء بروقت پہنچانی چاہیئں تھیں۔

یوٹیلیٹی اسٹورز حکام بھی کم سپلائی کا اعتراف کرتے ہیں تاہم ان کے مطابق صورتحال جلد بہتر ہوجائے گی۔

وفاقی حکومت ایک ارب 73 کروڑ روپے کی سبسڈی سے رمضان میں 19 اشیائے صرف سستے داموں فراہم کرے گی۔

صارفین کہتے ہیں کہ صرف رمضان پیکیج کا اعلان کافی نہیں، ان اشیاء کی مسلسل ترسیل بھی ضروری ہے۔