دفاعی بجٹ میں اضافہ، 19-2018ء کیلئے 11 کھرب روپے مختص

Samaa Web Desk
April 27, 2018

اسلام آباد :مالی سال 19-2018 کیلئے دفاع بجٹ گزشتہ برس کے مقابلے میں 19.5 فیصد اضافے سے 11 کھرب (1100 ارب) روپے مختص کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے 19-2018 کا 59 کھرب 32 ارب روپے کا بجٹ پیش کردیا، جس میں جی ڈی پی کا ہدف 6.2 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔

آنے والے سال کیلئے دفاعی بجٹ میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 19.5 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، سال 18-2017 کے بجٹ میں 9 کھرب 20 ارب (920 ارب) روپے دفاع کیلئے رکھے گئے تھے جبکہ 19-2018ء کیلئے اس میں ایک کھرب 80 ارب (180ارب) روپے اضافہ کردیا گیا ہے۔

مسلم لیگ ن کی حکومت کے دوران 2013ء سے اب تک دفاع کے شعبے کا بجٹ تقریباً دو گنا کیا جاچکا ہے، 2013ء میں دفاع کا بجٹ 627 ارب روپے تھا، 2014ء میں 700، 2015ء میں 780، 2016ء میں 860 جبکہ 2017ء میں 920 ارب روپے مختص کئے گئے تھے۔