ملک کے مختلف علاقوں میں بارش،کراچی میں گرمی برقرار

Ambreen Sikander
April 16, 2018

اسلام آباد : ملک کے مختلف حصوں میں بارش نے موسم خوشگوار ، تو پہاڑی علاقوں میں موسم سرد کردیا، تاہم کراچی میں آج بھی موسم خشک اور گرم رہے گا۔

ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر شہروں میں بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا۔ اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں لاہور، جہلم، ملتان، گوجرانوالہ، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور جہلم میں بارش سے گرمی کی شدت کم ہوگئی۔

لاہور اور ملحقہ علاقوں میں بوندا باندی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا، جب کہ تیز ٹھنڈی ہواؤں نےموسم خوشگوار بنا دیا۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی تیز ہوا کے ساتھ بارش ہوئی۔

خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی، مانسہرہ، بٹگرام، تور غر اور کوہستان میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا۔

وادی نیلم وادی کے ہیڈکوارٹرز آٹھ مقام سمیت شاردہ کیل اور بالائی وادی نیلم و گریز میں بھی بارش ہوئیں، جب کہ پہاڑوں پر برف باری بھی ہوئی۔ مظفرآباد،زیریں وادی نیلم ہٹیاں ،وادی لیپہ، ضلع باغ اور پونچھ کے ملحقہ علاقوں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔ آزادکشمیر کے شہر میرپور اور اس کے گردو نواح میں موسلادھار بارش ہوئی۔

 

محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے، جب کہ شہر میں نمی کا تناسب 50 فیصد ہے۔

 
 

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.