نواز شریف کی عمران خان اور آصف زرداری پر کڑی تنقید

Farhan Adil
March 13, 2018

اسلام آباد : سابق وزیراعظم سینیٹ الیکشن میں ناکامی کے بعد مخالفین پر برس پڑے، اسلام آباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بولے کہ بلاول ہاؤس اور بنی گالہ والے ایک ہی جگہ پر جاکر جُھک گئے ہیں، پوچھا کہ تم کس کے آگے جاکر جُھکے ہو اس کی پاکستان کیلئے کیا خدمات ہیں، تم جیت کر بھی ہار گئے ہو اور ہم ہار کر بھی جیت گئے۔ نواز شریف نے کہا کہ ووٹ کو عزت دینے کا مطلب ہے کہ عوام کو عزت دو، آپ نے 2018ء کے الیکشن کو ریفرنڈم بنانا ہے، ہمیں رسوائی برداشت نہیں، ہم پاکستان کیلئے مرنے والے لوگ ہیں۔

اسلام آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے نااہل قرار دیئے گئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے عمران خان اور آصف زرداری کا نام لئے بغیر مخالفین پر کڑی تنقید کی۔

مزید جانیے : شہباز شریف ن لیگ کے بلامقابلہ صدر منتخب ہوگئے

ان کا کہنا ہے کہ ہمارے لئے یہ صورتحال پیدا کی گئی، 4 سالوں میں ملک سے لوڈشیڈنگ ختم کرنا ممکن نہیں، اس کیلئے بہت کام کیا، 2013ء میں پاکستان میں فیکٹریاں بند اور ہر گھر میں اندھیرے تھے، دہشتگردی اور خون خرابہ تھا، کبھی کبھی دل توٹ جاتا ہے لیکن پیچھے ہٹنے والا نہیں، 2013ء میں پاکستان کے مسائل کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا۔

وہ بولے کہ ہمارے منشور کے 4 الفاظ یہی ہیں کہ ووٹ کو عزت دو، ووٹ کو عزت دینے کا مطلب ہے کہ عوام کو عزت دو، کروڑوں لوگوں کو گواہ بناکر کہتا ہوں کہ مجھے کوئی لالچ نہیں، آپ کے ووٹ کی عزت ہوگی تو آپ کی اور ملک کی عزت ہوگی، آپ نے 2018ء کے الیکشن کو ریفرنڈم بنانا ہے، مقدمے اس لئے ہیں کہ میں ووٹ اور قوم کی عزت کی بات کرتا ہوں، میرا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں پاکستان اور اس کی ترقی میرا ایجنڈا ہے۔

 تفصیلات جانیے : مسلم لیگ ن کاصدرمنتخب ہونازندگی کااہم اورمشکل مرحلہ ہے،شہبازشریف

سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ بلاول ہاؤس اور بنی گالہ والے ایک ہی جگہ پر جاکر جُھک گئے ہیں، تم کس کے آگے جا کر جھکے ہو، اس کی پاکستان کیلئے کیا خدمات ہیں، تم کونسا نیا پاکستان بناؤ گے، کیا اس طرح قوم کی خدمت کرو گے، تم جیت کر بھی ہار گئے ہو اور ہم ہار کر بھی جیت گئے، ہمیں رسوائی برداشت نہیںِ، ہم پاکستان کیلئے مرنے والے لوگ ہیں، ہم مصیبتیں برداشت کررہے ہیں لیکن کسی کے آگے جُھک نہیں رہے۔