مرغی کے گوشت کوکلین چٹ مل گئی

Samaa Web Desk
March 9, 2018

لاہور: وائٹ میٹ پسند کرنے والوں کیلئے اچھی خبرآ گئی۔ مرغی کا گوشت مضر صحت اور غیر معیاری ہونے سے متعلق تمام ابہام ختم ہوگئے۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے چکن کو کلین چٹ دے دی۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مرغی کے غیر معیاری گوشت پراز خود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ مرغی کا گوشت دھوکر کھائیں تو کوئی مسئلہ نہِیں۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کےسامنے مرغی کے گوشت سے متعلق ٹیسٹ رپورٹ پیش کی گئی۔

عدالتی معاون سلمان اکرم راجا نے عدالت کو بتایا کہ اب تک کی رپورٹس ٹھیک ہیں۔ مرغیوں کو اینٹی بایوٹکس تب دی جاتی ہیں جب مرغی زخمی ہو۔۔چیف جسٹس نے رپورٹ پر اطمینان کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ اچھا ہےچکن کا گوشت ٹھیک نکلا۔

جسٹس ثاقب نثارنے یہ بھی کہا کہ لوگ مرغی کو گوشت اچھی طرح دھوکر کھائیں تو کوئی مسئلہ نہِیں۔ عدالتی معاون نے بہتری کےلیے تجاویز پیش کیں تو چیف جسٹس نے ریمارکس دیےکہ یہ تجاویز سیکرٹری کو دے دیں تاکہ انہیں حتمی شکل دی جاسکے۔

عدالتی معاونین کے اچھے کاموں کی تعریف کرتے ہوئے چیف جسٹس نے ان سے مخاطب ہوکر کہا کہ حوصلہ افزائی کےلیے سو روپے کے نوٹ پر تینوں ججز دستخط کرکے دیں گے۔