بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کاپاکستان منہ توڑجواب دےگا،وزیردفاع

February 13, 2018

اسلام آباد :وزیردفاع خرم دستگیر نے کہا ہے کہ بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کاپاکستان اسی زبان میں منہ توڑجواب دے گا اور کسی بھی جارحیت،تزویراتی غلط فہمی یا مہم جوئی کی شدت،طریقہ یا محل وقوع سے قطع نظر بھرپور جوابی کارروائی کی جائے گی اور برابری کی بنیاد پر بھرپور جواب دینگے ۔

منگل کو جاری اپنے ایک بیان میں وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے،کسی بھی ٹھوس ثبوت کے بغیر پاکستان پر الزام لگانے کے بھونڈے عمل کی بجائے بھارت کوپاکستان کیخلاف ریاستی سطح پر کی جانیوالی سازشوں کا جواب دینا چاہیے جس کا زندہ جاگتا ثبوت کلبھوشن یادیو کی شکل میں پوری دنیا کے سامنے ہے۔

وزیردفاع نےکہاکہ بھارت 11سال قبل اسی ہفتہ میں سمجھوتہ ایکسپریس میں ہونیوالی دہشتگردی میں 42پاکستانیوں کے قتل پر انصاف کی فراہمی کرنے میں ناکام رہا ہے۔خرم دستگیر خان نے کہا کہ بھارت درحقیقت ورکنگ باﺅنڈری اور لائن آف کنٹرول پر 2017ءسے 5گناہ زیادہ فوجی حملوں اور ایٹمی ڈیٹرنیٹ بارے میں غیر ذمہ داربیانات دے کر خطہ میں عدم استحکام پیدا کررہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج تمام امکانات بارے چوکس اور چوکنا ہیں اور وہ اپنی علاقائی یکجہتی اور ملکی استحکام کے لیے ملکی دفاع کیلئے بھرپور اور مکمل طور پر تیار ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ہماری مسلح افواج کوزمینی، بحری اور فضائی حدود کا دفاع کرنے کے سلسلہ میں عوام کی بھرپور اور مکمل حمایت اور تعاون حاصل ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کیخلاف بھارتی حکومت کی ممکنہ تزویراتی غلط فہمی پر مبنی کارروائی سے جنوبی ایشیاءبھر کا سٹرٹیجک استحکام متاثر ہوگا۔  ایجنسی / سماء