جے ایف 17 تھنڈر طیارے سے میزائل فائرنگ کا کامیاب تجربہ

جے ایف 17 تھنڈر طیارے سے میزائل فائرنگ کا کامیاب تجربہ

Samaa Web Desk
February 2, 2018

  

 

کراچی : پاکستان نے مقامی طور پر تیار جے ایف 17 تھنڈر سے میزائل فائرنگ کا کامیاب تجربہ کیا، سربراہ پاک فضائیہ نے سومیانی فائرنگ رینج میں مظاہرہ دیکھا۔

پاکستان نے ملکی ساختہ جے ایف 17 تھنڈر کے ذریعے میزائل فائر کرنے کا کامیاب تجربہ کیا، سومیانی فائرنگ رینج میں فضاء سے فضاء میں مار کرنیوالے میزائل کو فائر کرکے کم رفتار سے پرواز کرنیوالے مطلوبہ ہدف کو کامیابی سے نشانہ بناکر تباہ کیا گیا۔

جے ایف 17 تھنڈر نے بیونڈ ویژول رینج انفرا ریڈ میزائل فائر کرکے کم رفتار سے پرواز کرنیوالے ہدف کو ٹھیک نشانہ لگا کر تباہ کرنے کا مظاہرہ کیا، یہ منظر پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے بھی دیکھا، جو خصوصی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف کا کہنا تھا کہ ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں جس نے ہمیں یہ غیر معمولی سنگ میل عبور کرنے کی طاقت عطا فرمائی، JF-17 تھنڈر طیاروں سے جدید ہتھیاروں کا کامیاب مظاہرہ اس کی ہمہ جہت صلاحیتوں کا مظہر ہے، انہوں نے کامیاب تجربے پر پاک فضائیہ اور چین کے عملے کی کاوشوں کو سراہا۔

واضح رہے کہ پاک فضائیہ کے 6 لڑاکا اسکواڈر ن پہلے ہی فخرِ پاکستان جے ایف 17 تھنڈر طیاروں سے لیس کئے جا چکے ہیں جو ملکی فضائی دفاع میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

قبل ازیں ایئر وائس مارشل حسیب پراچہ، ایئر آفیسر کمانڈنگ سدرن ایئر کمانڈ نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا، پاک فضائیہ کے اعلیٰ افسران کے علاوہ سول اور دفاعی عہدیداران بھی اس تاریخی موقع پر موجود تھے۔ سماء