صدر ممنون کو ترک صدر کا فون، امریکی دھمکیوں کیخلاف مکمل اظہار یکجہتی

January 4, 2018

اسلام آباد : صدر مملکت ممنون حسین کو ترک صدر طیب اردووان نے فون کیا اور امریکی دھمکیوں کیخلاف پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

ایوان صدر سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق ترک صدر نے کہا کہ پاکستان کی شاندار قربانیوں کے باوجود امریکی صدر کا طرز عمل ناپسندیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی ہر قسم کے حالات میں پاکستان کے ساتھ ہے، صدر ٹرمپ کا ٹویٹ ناپسندیدہ اور پاکستان کی قربانیاں باوقار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں تاریخی اور شاندار ہیں، پاکستان اور ترکی برادر ملک ہیں اور ہر طرح کی صورت حال میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

صدر مملکت ممنون حسین نے یکجہتی کے اظہار پر ترک صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترک بھائیوں کے محبت بھرے پیغام سے فخر کا احساس ہوا۔

صدر مملکت نے کہا کہ نامناسب امریکی پیغام کا مناسب جواب دیا جائے گا۔ پاکستان انگیجمنٹ اور تعاون کی پالیسی پر یقین رکھتا ہے لیکن اس کے جذبات کی قدر نہیں کی گئی۔ سماء