آرمی چیف کا دھمکیوں پر کرارا جواب

January 3, 2018

راولپنڈی : آرمی چیف نے دھمکیوں پر کرارا جواب دے دیا، کہتے ہیں کوئی پاکستان کو ہاتھ تک نہیں لگاسکتا، میں ایسی فوج کا چیف ہوں جو ہر وقت جان دینے کو تیار رہتی ہے۔

پاک فوج کے سربراہ میجر جنرل قمر جاوید باجوہ نے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا، میران شاہ جی او سی میں انہیں سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، آرمی چیف نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی، انہیں عارضی طور پر بے گھر افراد اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سپہ سالار نے سرحد پر تعمیر کئے گئے قلعوں اور باڑھ کا جائزہ لیا، جنرل قمر جاوید باجوہ نے سرحدی سیکیورٹی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا،  کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر بٹ بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ کرک میں محمد علی خان کے گھر بھی گئے، ان کے 3 بیٹے اور 2 بھتیجوں نے وطن کے دفاع کیلئے قربانی دی جبکہ محمد علی خان کے مزید 3 بیٹے ایف سی اور فوج میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ نے امریکی دھمکیوں پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی پاکستان کو ہاتھ تک نہیں لگاسکتا، کوئی ہمارے ملک کا بال تک بیکا نہیں کرسکتا، میں ایسی فوج کا چیف ہوں جو ہر وقت قربان ہونے کو تیار رہتی ہے، بچے وطن پر قربان کرنیوالے والدین پر فخر ہے۔ سماء

Email This Post
 
 

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.