بلوچستان؛ وزارت اعلیٰ کیلئے تینوں امیدواروں کے کاغذات منظور

Samaa Web Desk
January 12, 2018

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی میں نئے قائد ایوان کے لئے وزارت اعلیٰ کے تینوں امیدواروں کے کاغذات منظور کرلیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن اور ق لیگ  کے مشترکہ امیدوارعبدالقدوس بزنجو جبکہ پشتونخوامیپ کے آغا لیاقت اورعبدالرحیم زیارتوال کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے۔

وزارت اعلیٰ کیلئے مظبوط امیدوار عبدالقدوس بزنجو نے نواب ثناء اللہ زہری کے حامی مسلم لیگ ن کے چھ اراکین اسمبلی کو بھی اپنی حمایت کیلئے منا لیا۔

عبدالقدوس بزنجو کو بلوچستان اسمبلی میں حزب اختلاف میں شامل جماعتوں جے یو آئی ف، بی این پی مینگل، اے این پی ، بی این عوامی اور  ایم ڈبلیو ایم سمیت ایک آزاد رکن کی حمایت بھی حاصل ہے۔

ن لیگ کے باقی ممبران کی جانب سے منحرف اراکین کے ساتھ ملنے کے بعد بلوچستان اسمبلی میں مسلم لیگ ن، پشتونخوامیپ اورنیشنل پارٹی کا اتحاد ٹوٹ گیا۔ نیشنل پارٹی نے وزارت اعلیٰ کے انتخاب میں اپنا امیدوار نہ لانے اورغیرجانب دار رہ کر حزب اختلاف میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسپیکرراحیلہ درانی کے مطابق امیدوار اپنے کاغذات کل صبح تک واپس لے سکتے ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ کے انتخاب کیلئے ووٹنگ کل بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں ہوگی۔

کاغذات نامزدگی جع کرانے کے موقع پر بلوچستان اسمبلی کے اندر اور اطراف میں ایف سی، پولیس اور بی سی کے نو سو سے زائد اہلکار سیکورٹی پر مامور تھے۔ سماء