پاکستان میں دہشتگردوں کے خفیہ ٹھکانے نہیں، وزیراعظم

January 12, 2018

اسلام آباد : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف شاندار کامیابیاں حاصل کیں، ہماری سرزمین پر دہشت گردوں کا کوئی خفیہ ٹھکانہ نہیں۔

نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بولے کہ دہشت گردی کیخلاف مؤثر کارروائیوں کے نتیجے میں دہشت گردوں کی کارروائیاں کرنے کی صلاحیت کا بہت حد تک سدباب کیا گیا، ریاست قومی سلامتی سے متعلق چیلنجوں سے بخوبی آگاہ ہے اور داخلی و بیرونی مسائل سے نبرد آزما ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کیخلاف آپریشن ”ردالفساد“ معاشرے کو انتہاء پسندوں کے ”سلیپرز سیلز“ اور ہمدردوں سے صاف کرنے کیلئے جاری ہے، اس وقت سلامتی کی فضاء بہت نازک ہے اور یہ ابھرتے ہوئے چیلنجز و مواقع کی ملی جلی صورتحال کی حامل ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کورس گریجویٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ ملک کو درپیش خطرات کیخلاف قومی ردعمل کی تشکیل میں معاون اقدامات اٹھائیں، انہوں نے شرکاء کے قومی سلامتی تصورات کی تشکیل، تشکیل نو اور سویلین پالیسی سازوں کو قومی سلامتی سے متعلق امور کے بہتر ادراک پیدا کرنے میں این ڈی یو کے کردار کو سراہا۔

بعد ازاں وزیراعظم نے کورس کے شرکاء میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے، نیشنل سیکیورٹی اینڈ وارس کورس کا بنیادی محور شرکاء کو قومی سلامتی کے حوالے سے مختلف پہلوﺅں کے بارے میں بہتر آگاہی فراہم کرنا تھا۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان کے موجودہ چیلنجز ”پوری قوم کی سوچ“ کے ذریعے قومی سلامتی ردعمل کے متقاضی ہیں۔

تقریب میں وزیر دفاع خرم دستگیر خان، وزیر داخلہ احسن اقبال، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل سہیل امان، قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ اور دیگر سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ اے پی پی