عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری

September 14, 2017

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توہین عدالت کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کیس میں عمران خان کو آج ذاتی حیثیت میں طلب کررکھا تھا، تاہم آج بھی پیش نہ ہونے پر چیئرمین پی ٹی آئی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیےگئے۔ عمران خان کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔

آج کی سماعت میں عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل بابر اعوان الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ بابراعوان نے اپنے دلائل میں کہا کہ عمران خان الیکشن کمیشن کا احترام کرتے ہیں، وہ آج ہی لندن سے پاکستان پہنچے ہیں اس لیے پیش نہیں ہوسکے۔ جب کہیں گے عمران خان الیکشن کمیشن میں حاضرہوں گے۔

بابراعوان نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے الیکشن کمیشن کے خلاف دائر پٹیشن کی سماعت ہائی کورٹ کا لارجر بنچ کرے گا۔ چیف الیکشن کمشنرنے استفسار کیا کہ کیا ہائی کورٹ میں آج ہی سماعت ہونی ہے؟ جس پربابراعوان نے بتایا کہ چیف جسٹس نے لارجر بنچ بنا دیا ہے جو آج سماعت کرے گا۔

سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ عمران خان نے الیکشن کمیشن کےاختیارسماعت کو چیلنج کر رکھا ہے۔ یہ فیصلہ کرناضروری ہےکہ آیا الیکشن کمیشن کو توہین عدالت کے کیس کی سماعت کا اختیارہے یا نہیں۔

الیکشن کمیشن نے طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پرعمران خان کے خلاف قابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے انہیں ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ کیس کی سماعت 25 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔ سماء

Email This Post
 
 

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.