وزیراعلی پنجاب کا امریکی امداد لینے سے انکار

Samaa Web Desk
August 25, 2017

لاہور: وزیراعلی پنجاب کا کہنا ہے کہ پاکستان شکریہ کے ساتھ امریکی امداد لینے سے انکار کر دے، اس امداد سے نجات حاصل کرلیں جس سے ہماری عزت نفس مجروح ہوتی ہو۔

لاہور سے جاری بیان میں وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان پرامن دنیا کےلیے پہلے ہی بہت قربانیاں دے چکا ہے،، امریکی امداد پر مبالغہ آمیز تبصرے دہشت گردی کی شکار قوم کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ سمیت کئی ملکوں نے پاکستان میں کئی شعبوں کی بہتری کے لئے بہت تعاون کیا، لیکن کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ اپنے تعاون کو جواز بنا کر پاکستان پر ناروا الزامات لگائے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین رکھنا ہوگا کہ ہم اپنی قسمت خود بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔۔ ''ہم آپ کے شکرگزار ہیں'' کہہ کر پاکستان امریکی امداد کا باب بند کر دے، یہی وہ طریقہ ہے جس سے ہم ہزیمت آمیز طعنوں سے بچ سکتے ہیں۔ سماء