شاہد خاقان عباسی کون ہیں ؟

July 29, 2017

اسلام آباد: نوازشریف کی نااہلی کے بعد عبوری وزیراعظم کیلئے شاہد خاقان عباسی کے نام کو فائنل کردیا گیا ہے، وہ مری کے حلقہ این اے پچاس سے چھ بار رکن اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں۔

آج سے سات سال پہلے جولائی کی اٹھائیس تاریخ کو مارگلا کے سانحے کا سامنا کرنے والے ائیر بلیو کے مالک شاہد خاقان عباسی کے لیے ایک اور اٹھائیس جولائی بڑا دن ثابت ہوا۔مگر ان کے لیے اٹھائیس جولائی دوہزارسترہ کا دوسرا سانحہ پینتالیس دن کے عبوری وزیراعظم بننے کی راہ ہموار کرگیا۔

مری کے لارنس کالج گھوڑاگلی کا یہ طالب علم انیس سو اٹھاسی میں اس وقت سیاست میں آیا جب ان کے والد اوجھڑی کیمپ سانحے کے دوران میزائل لگنے سے جاں بحق ہوگئے۔

چھ بار رکن اسمبلی بننے والے شاہد خاقان عباسی کو صرف ایک بار سن دوہزار دو میں پیپلزپارٹی کے مرتضیٰ ستی کے ہاتھوں شکست ہوئی، دوہزار تیرہ میں انہیں پیٹرولیم کی وزارت دی گئی اور دوہزار سترہ ان کے لیے عبوری وزیراعظم کا سال ثابت ہوا۔

انیس سو نناوے میں جب جنرل پرویز مشرف نے اقتدار پر قبضہ کیا تو شاہد خاقان عباسی گرفتار بھی ہوئے تھے۔ سماء