سی پیک کیلئے مضبوط اور مؤثر بحری فوج انتہائی ضروری ہے، وائس نیول چیف

January 20, 2017

7

کراچی : وائس چیف آف نیول اسٹاف کا کہنا ہے کہ سی پیک کے آغاز کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایک مضبوط اور مؤثر بحری فوج از حد ضروری ہے۔

پاکستان نیوی کوسٹل کمانڈ کی ایفیشنسی کمپٹیشن پریڈ اور ایوارڈ کی تقریب پی این قاسم منوڑہ میں منعقد ہوئی۔ وائس چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل خان ہشام بن صدیق تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

ایفیشنسی کمپٹیشن پریڈ اور ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیف آف نیول اسٹاف نے کوسٹل کمانڈ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مختلف آپریشنل مشقوں میں شرکت اور کوسٹل بیلٹ کی نگرانی اور سول ملٹری تعلقات کی بہتری کیلئے کوسٹل کمانڈ کی کاوشوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے میری ٹائم مفاد کے تحفظ خصوصاً سی پیک کے آغاز کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایک مضبوط اور مؤثر بحری فوج از حد ضروری ہے۔

7a

وائس چیف آف نیول اسٹاف نے کہا کہ ساحلی پٹی پر ہونیوالی تبدیلیوں اور موجودہ صورتحال کے تناظر میں پاک میرینز کی صلاحیتوں میں اضافے اور بہتری کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق اسپیشل فورسز کا قیام اور ان کی کارکردگی پر توجہ مرکوز رکھنا بے حد ضروری ہے، اسی طرح درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ وائس چیف آف نیول اسٹاف نے پاک میرینز اور اسپیشل فورسز کی جنگی استعداد بڑھانے پر بھی زور دیا۔

7b

قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں وائس ایڈمرل وسیم اکرم نے 2016ء کے دوران کوسٹل کمانڈ کی پیشہ ورانہ کامیابیوں پر روشنی ڈالی، انہوں نے حاضرین کو آگاہ کیا کہ مختلف آپریشنز میں حصہ لینے کے علاوہ پاک بحریہ کی کوسٹل کمانڈ نے ساحلی علاقوں میں مفت طبی کیمپ اور تعلیمی سہولیات فراہم کرکے سول ملٹری تعلقات کی بہتری کیلئے نمایاں کردار ادا کیا۔

بعد ازاں مہمان خصوصی نے 2016ء کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے والے یونٹس میں ایفیشنسی شیلڈز بھی تقسیم کیں۔ (پریس ریلیز)۔