Friday, January 21, 2022  | 17 Jamadilakhir, 1443

اسرائیل فلسطین تنازعہ حل کئے بغیرامن ممکن نہیں

SAMAA | - Posted: Jan 18, 2017 | Last Updated: 5 years ago
SAMAA |
Posted: Jan 18, 2017 | Last Updated: 5 years ago

maleeha
اقوام متحدہ : پاکستان نے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطین تنازعہ کا منصفانہ حل نہ صرف مشرق وسطیٰ میں پائیدارامن کی نوید ہوگا بلکہ اس سے داعش اور القاعدہ جیسی انتہاپسند تنظیموں کو شکست دینے میں بھی مدد ملے گی۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ انتہاپسند تنظیموں کا یہ موقف کہ مسلمان صرف طاقت کے استعمال سے ہی اپنے لئے انصاف حاصل کرسکتے ہیں کو صرف اسی صورت میں شکست دی جاسکتی ہے کہ فلسطینیوں کو انصاف فراہم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کی مقدس سرزمین عرب اور اسلامی دنیا کا مرکز ہے اور اس وجہ سے فلسطینیوں کے ساتھ جاری سلوک کی بازگشت پورے عالم اسلام میں سنائی دیتی ہے۔ اسرائیل نے گزشتہ نصف صدی سے مغربی کنارے میں فلسطینی علاقوں پر قبضہ کررکھا ہے جو اقوام متحدہ کے چارٹر کے اس اصول کی کھلی خلاف ورزی ہے کہ کوئی بھی ملک یا قوم طاقت کے بل بوتے پر کسی سرزمین پر قبضہ نہیں کرسکتی۔

چنانچہ اسرائیل فلسطین تنازعہ حل کئے بغیر مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کا تصور ممکن نہیں اور 1967میں سے قبل کی سرحدوں اور دارالحکومت بیت المقدس والی آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام ہی خطے میں پائیدار امن کی منت ہے۔ کسی بھی ملک کی طرف سے اپنے سفارت خانہ کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی سلامتی کونسل کی متعلقہ قرارداد کی خلاف ورزی ہوگی۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے سلامتی کونسل کی طرف سے حال ہی میں منظور کردہ اس قرارداد کا بھی خیرمقدم کیا جس میں مقبوضہ فلسیطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر کو غیرقانونی قرار دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اس سے مشرق وسطیٰ کے مسئلے کے دو ریاستی حل کی راہ میں رکاوٹ پیدا ہوگی۔ ایسی صورت میں کہ جب دنیا کے 70 ممالک کی حمایت کے بعد سلامتی کونسل کی قرارداد کو ردی کی ٹوکری میں پھینکنے والوں کو نتائج بھی بھگتنا چاہیں۔

پاکستانی مندوب نے کہا کہ ماضی میں شام کے مسئلہ کو حل کرنے کے کئی مواقع ضائع کردیئے گئے اب ترکی اور روس کی کوششوں سے شامی عوام کیلئے امید کی نئی کرن پیدا ہوئی ہے۔ یمن کی صورتحال بیرونی مداخلت کی وجہ سے خراب ہوتی جارہی ہے اس حوالے سے عالمی برادری کو اقوام متحدہ سے تعاون کرنے کی ضرورت ہے۔ سماء / اے پی پی

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube