مخالفین اور دہشت گرد ترقی روکنا، افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں، وزیراعظم

May 6, 2016

PM NAWAZ 06-05

سکھر : وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہمارا ایجنڈا ترقی، خوشحالی اور تعمیر ہے، مخالفین اور دہشت گرد ملک میں ترقی کا عمل روکنا اور افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں،  قوم مخالفین کے ایجنڈے کو مسترد کرتی ہے، دھرنوں کی سیاست نہ ہوتی تو ترقیاتی منصوبے جلد شروع ہوتے، بجلی 30 فیصد سستی کرکے اپنا وعدہ پورا کیا، خورشید شاہ استعفیٰ مانگ رہے ہیں ہم ان کے علاقے میں پل بنارہے ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف نے سکھر میں 685 ارب روپے لاگت کے سکھر۔ملتان موٹر وے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا، اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ بھی موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ہم خورشید شاہ کے علاقے میں پل بنارہے ہیں وہ استعفیٰ مانگ رہے ہیں، منصوبوں کا پاکستان کی ترقی پر کیا اثر ہوگا، ''اُن'' کو اندازہ نہیں، ہمارا ایجنڈا ترقی، خوشحالی اور تعمیر ہے، مخالفین نہیں چاہتے ہم  ملک کی ترقی کیلئے کام کریں، مخالفین کا ایجنڈا قوم نے مسترد کردیا، یہ ایجنڈا نہیں چلے گا، ہم اپنا ایجنڈا مکمل کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد ملک کی ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں، دہشتگرد اور مخالفین میں فرق کیا ہے؟، دونوں پاکستان کے اندر بے امنی، افراتفری اور بے چینی چاہتے ہیں، دھرنوں کی سیاست نہ ہوتی تو ترقیاتی منصوبے جلد شروع ہوتے، پاک چائنا کوریڈور دھرنوں کی وجہ سے لیٹ ہوا، مجھ پر کوئی ایک دھیلے ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں کرسکتا، آمر بھی میرے خلاف بدعنوانی کا کوئی ثبوت نہ لاسکا، حکومت کی شفافیت کی تصدیق ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے بھی کی۔

میاں نواز شریف نے کہا کہ نیک نیتی کیساتھ ملک کی خوشحالی اور ترقی کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں، کارخانے اور ایل این جی پلانٹس لگائے جارہے ہیں، بجلی 30 فیصد سستی کرکے اپنا وعدہ پورا کیا، یہ موٹر وے نا صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان کی تقدیر بدلے گی، قوم دیکھ رہی ہے کون منصوبوں کا حامی اور کون روڑے اٹکا رہا ہے۔ سماء