اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے پشاور واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کے کوائف افشاء کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے، ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق ان دہشت گردوں کی نشاندہی وقوعہ کے روز ہی ہوگئی تھی، معاملے کی حساسیت کے پیش نظر تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔ ریکارڈ اور شواہد کے مطابق آٹھ دہشت گرد پاکستانی نہیں لگتے.
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ صحیح شناخت اور شہریت کا تعین کرنے کے لئے مزید وقت درکار ہے، بعض اداروں کے درمیان معلومات کی شیئرنگ قبل از وقت تشہیرکا باعث بنی، ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق حساس معلومات کو کسی صورت افشاء نہیں ہونا چاہیے تھا، ملوث دہشت گردوں کے کوائف ظاہر کرنے سے تفتیش پرمنفی اثرپڑسکتا ہے۔ سماء