سات سالہ بچے کے قاتل شفقت حسین کو پھانسی دیدی گئی

August 4, 2015
سات  سالہ بچے کے قاتل شفقت حسین کو پھانسی دیدی گئی

ویب ایڈیٹڑ:

کراچی: کراچی کی سینٹرل جیل میں 7 سالہ بچے کے اغوا اور قتل کے مجرم شفقت حسین کو آج صبح پھانسی دے دی گئی۔

مزید پڑھیے: عدالت نے مجرم شفقت حسین کی پھانسی پر عمل درآمد روک دیا

تفصیلات کے مطابق مجرم شفقت حسین نے سات سال کے بچے عمیر کو 2001 میں تاوان کے لئے قتل کیا تھا جسکے بعد انسداد دہشت گردی کی ایک عدالت نے 2004 میں آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے شفقت حسین کو قتل کا جرم ثابت ہونے پر پھانسی کی سزا سنائی تھی۔

شفقت حسین 2012 سے سزائے موت سے بچتا آرہا تھا کیونکہ اس کے اہل خانہ کا دعوی تھا کہ قتل کے وقت شفقت کی عمر صرف 14 برس تھی اور نابالغ ہونے کے باعث سزائے موت پر عمل درآمد نہیں ہوسکتا۔

اس تنازعہ کی وجہ سے شفقت کے ڈیتھ وارنٹ چار مرتبہ معطل کیے گئے اور بلا آخر جیل حکام کی درخواست پر انسداد دہشتگردی عدالت نے 27 جولائی کو پانچویں مرتبہ ڈیتھ وارنٹ جاری کیے، جس کے بعد آج صبح  شفقت حسین کو پھانسی دے دی گئی۔ سماء