Sunday, September 26, 2021  | 18 Safar, 1443

ماروی سرمد کیلئےخلیل الرحمان قمرکےانتہائی نامناسب الفاظ

SAMAA | - Posted: Mar 4, 2020 | Last Updated: 2 years ago
SAMAA |
Posted: Mar 4, 2020 | Last Updated: 2 years ago

عورت کو متعصبانہ حد تک منفی کردار میں دکھانے والے ڈرامہ سیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کے مصنف خلیل الرحمان قمرنے گزشتہ رات ایک ٹی وی شو کے دوران صحافی اور تجزیہ نگار ماروی سرمد کیلئے انتہائی نامناسب جملے استعمال کر کے نئی بحث کا آغاز کردیا۔

ڈرامے میں عورت کے منفی کردار سے وفا کے پیمانے مقرر کرنے والے خلیل الرحمان قمر عورت کی اچھائی اور برائی کو وفا، حیا، صنفی برابری کے ترازو میں تولتے ہیں ، ان کے نظریات نے ڈرامے کے آغازسے ہی ایک ایسی بحث کا آغاز کیا جو اب رکتی نظر نہیں آتی۔

عورت مارچ کے حوالے سے نیو نیوز کے ٹی وی شو میں معاملے کا آغاز تب ہوا جب ماروی سرمدکے بعد بات کرنے والے خلیل الرحمان اپنی بات کاٹے جانے پر یک دم برہم ہوکرضبط کا دامن چھوڑبیٹھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’’عدالت نے اگر یہ منع کردیا ہے کہ میرا جسم میری مرضی جیسے غلیظ اور گھٹیا نعرے کو منہیٰ کردیا جائے تو میں ماروی سرمد کو اس کروفر کے ساتھ بولتے ہوئے سنتا ہوں تو میرا کلیجہ ہلتا ہے‘‘۔

اسی دوران ماروی کی جانب سے ’’میرا جسم ، میری مرضی ‘‘ کا نعرہ دہرانے پر مصنف نے چلاتے ہوئے کہا کہ تیرے جسم میں ہے کیا، کون مرضی چلاتا ہے اس پر، اپنا جسم دیکھو جاکر، درمیان میں مت بولو، اس پر کوئی تھوکتا نہیں ہے‘‘۔

خلیل الرحمان قمر نے نازیبا الفاظ کہتے ہوئے یہ بھی کہا کہ امریکہ میں بے حیائی کی تحقیق کررہی ہیں۔ بصد احترام کہا کہ میں نے آپ کی پوری بات سنی ، اب میری بات سنیں ، کیا آپ نے سنی۔

بعد ازاں ماروی سرمد نے اس حوالے سے کی جانے والی ٹویٹ میں لکھا ’’یہ وہ آدمی ہے جو عورت مارچ میں شریک خواتین کو اخلاقیات کا درس دیتا ہے، عورت مارچ کے مخالفین کااصل چہرہ دیکھیں‘‘۔

ٹوئٹرپر اس پروگرام کا ویڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی شدید ردعمل دیکھنے میں آیا، بیشتر نے خلیل الرحمان قمر کے اس لب ولہجے کی مذمت کرتے ہوئے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا، جبکہ کئی نے اس اقدام کو درست قراردیا۔

دوسری جانب اس واقعے کے بعد نیو نیوز کے سربراہ نصر اللہ ملک نے ماروی سرمد سے معافی مانگ لی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر انہوں نے لکھا ’’ براہ کرم ہماری اسکرین پرپیش آنے والے واقعہ کیلئے میری مخلصانہ معذرت قبول فرمائیں، نیو نیوزکا سربراہ ہونے کے ناطے مجھے اس پرانتہائی افسوس ہے جس کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ہم خلیل الرحمان قمر کے رویے کی مذمت کرتے ہیں۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube