ہوم   > فیشن ، لائف اسٹائل

میلہ لوٹ لیا کا کریڈٹ مجھے نہ دیں،علی ظفر

SAMAA | - Posted: Mar 2, 2020 | Last Updated: 3 months ago
SAMAA |
Posted: Mar 2, 2020 | Last Updated: 3 months ago

تصویر: ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ کے آفیشل سونگ ’’تیار ہیں ‘‘ سے مایوس شائقین کیلئے ’’ میلہ لوٹ لیا‘‘ لانےوالے علی ظفر نے سوشل میڈیا پر گانے کی تیاری کا تجربہ اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کیا ہے۔

انسٹا گرام پر طویل پوسٹ میں علی ظفرنےاس گانے کا کریڈٹ اپنے بجائے شائقین کو دیا جن کی بھرپور دلچسپی کے باعث وہ قلیل مدت میں نیا گانا تیار کرپائے۔

اپنی پوسٹ میں علی ظفر نے ’’میلہ لوٹ لیا ‘‘ کو شائقین کی جانب سے شائیقن کیلئے گانا قرار دیتے ہوئے لکھا کہ اگرآپ کو یہ پسند آئے تو کوئی بھی مجھے کریڈٹ نہ دے، بلکہ میرے پرستاروں اور دیگر تمام پرجوش افراد کو دے جنہوں نے یہ ممکن بنایا۔

گلوکار نے واضح کیا کہ اگر مہینوں کی پلاننگ نہ بھی ہو تب بھی ایسا گانا بنانے اور ویڈیو تیار کرنے میں ہفتوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ انتہائی پروفیشنل عملہ اور سازوسامان اور بڑی اسپانسر شپ۔ ہمارے پاس صرف 6، 7 دن ، انتہائی محدود بجٹ تھا اور پہلے سے کوئی منصوبہ بندی نہیں تھی۔

علی ظفرنے پوسٹ میں یہ بھی بتایا کہ مہم خود ہی بڑھتی گئی، اس کا حصہ بننے کیلئے بہت سے اسپانسرز نے ہم سے رابطہ کیا لیکن میں اس گانے کیلئے کوئی تجارت فائدہ نہیں چاہتا تھا، اس کا واحد مقصد شائقین ، کرکٹ، میرے پیارے ملک پاکستان اور اس کے لوگوں سے محبت کا اظہار تھا۔ روزانہ سیکڑوں کی تعداد میں شائقین کے ڈانس اسٹیپس کی ویڈیوز موصول ہونے سے کئی بار جی میل اکاؤنٹ کریش ہوا، زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے ہم آہنگی کے ساتھ ڈھول کی تھاپ پر ڈانس اسٹیپس بھیجے اور رضاکارانہ طور پر اس کا حصہ بنے جو کہ ایک بےمثال بات ہے۔

گلوکار نے واضح کیا کہ اگر کوئی مجھ سے پوچھتا کہ میں نے اسے کیسے منظم کیا تو میرا سادہ جواب ہو گا کہ یہ ’’ میں ‘‘ نہیں تھا۔ یہ پیار ہے جو ناممکن کو ممکن بناتا ہے، ایسی چیزیں جو انسانی دماغ نہیں سمجھ سکتا، جن کی وضاحت نہیں کی جاسکتی ، صرف محسوس کی جاسکتی تھیں، مجھے امید ہے آپ بھی محسوس کریں گے۔

یہ گانا گزشتہ شام اتوار یکم مارچ کو ریلیز کیا گیا تھا ، علی ظفر نے ٹوئٹر پرویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا ’’بھائی نے اپنا وعدہ پورا کیا‘‘۔

واضح رہے کہ کرکٹ شائقین نے پی ایس ایل سیزن 5 کے آفیشل سونگ کو جوش وخروش سے بالکل عاری قرار دینے کے ساتھ ساتھ پی سی بی انتظامیہ اور گلوکاروں کو بھی کڑے نشانے پر رکھا تھا ۔ بعد ازاں اسے گانے والوں میں شامل گلوکار علی عظمت نے نام لیے بغیر گانے کی ناکامی کا الزام علی ظفر پردھر دیا تھا۔

پہلے 3 سیزنزمیں اپنی دھاک بٹھانے والے علی ظفر نے سوشل میڈیا پرفالورز کو ہیش ٹیگ ’’بھائی حاضرہے‘‘ کے ساتھ پیغام دیا کہ ’’بھائی آرہا ہے، تیار ہو؟ ‘‘ اس پیغام سے انہوں نے بتایا تھا کہ وہ پی ایس ایل کے حوالے سے اپنا گانا جلد لارہے ہیں۔

یاد رہے کہ علی ظفر نے نئے گانے کے حوالے سے عوام کو ڈانس اسٹیپ بتاتے ہوئے اپنی ویڈیوز بھیجنے کی دعوت دی تھی جس پر نوجوان طبقے کی جانب سے انہیں بہت اچھا رسپانس ملا۔ٹوئٹر پر ’’بھائی حاضر ہے ‘‘ کے ہیش ٹیگ کے ساتھ بہت سی ویڈیوز اور پیغامات بھیجتے ہوئے سوشل میڈیاصارفین نے اپنی بھرپور دلچسپی ظاہرکی۔

WhatsApp FaceBook

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

متعلقہ خبریں
WhatsApp FaceBook
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube