ہوم   > فیشن ، لائف اسٹائل

یخ موسم، گرم چائے اور بھاری قیمت

SAMAA | - Posted: Dec 4, 2019 | Last Updated: 4 months ago
SAMAA |
Posted: Dec 4, 2019 | Last Updated: 4 months ago

جاڑےمیں موسم کی سختی جھیلنےوالا محنت کش فیصل

دسمبر کے یخ موسم میں ایبٹ آباد جیسے شہر کے کسی پارک میں آپ کو گرما گرم چائے مناسب قیمت پر مل جائے تو یہ ایک نعمت سے کم نہیں لیکن سرد شاموں میں اپنا گھر چلانے کی خاطر لوگوں کو یہ سہولت فراہم کرنے والوں کو اس کے عیوض کچھ قیمت بھی چکانی پڑتی ہے۔

ان ہی میں سے ایک 21 سالہ محمد فیصل بھی ہے جو اپنے گھر کے 8 افراد کا پیٹ پالنے کے لئے صبح 7 بجے سے شام گئے ایبٹ آباد کے جناح پارک میں سبز چائے بیچتا ہے جس سے وہ رات کو اپنی آمد کے منتظر اہل خانہ کے لئے 300 تا 400 روپے لے جانے میں کامیاب ہوتا ہے۔

فیصل سارا دن ٹھنڈے پانی سے ہی چائے کے کپ دھوتا ہے تاکہ لوگوں کو صاف برتن میں لیموں کی آمیزش والی سبز چائے فراہم کر سکے، شدید سرد موسم میں ٹھنڈے پانی میں بار بار ہاتھ ڈالتے رہنے سے فیصل کے ہاتھوں میں زخم پڑجاتے ہیں جنہیں خدمت کی انجام دہی کے دوران وہ چھپانے کی کوشش بھی کرتا رہتا ہے۔

فیصل جیسے نوجوان اس عمر میں پڑھنے لکھنے اور کھیلنے کودنے سے قاصر ہیں اور اپنا اور اہل خانہ کا پیٹ پالنے کیلئے دن رات کڑی محنت کرتے ہیں، یہ اس پر بھی لائق تحسین ہیں کہ اپنے مقصد کی خاطر یہ کوئی غلط راستہ اپنانے کے بجائے رزق حلال کمانے کو ہی ترجیح دیتے ہیں۔ امید رکھنی چاہئے کہ موجودہ صوبائی و وفاقی حکومتیں ایسے جفا کش نوجوانوں کے لئے کوئی ایسی سبیل نکال دیں کہ وہ بیک وقت اپنی تعلیم بھی حاصل کرسکیں اور ان کے گھر کے افراد کو بھوکا بھی نہ سونا پڑے۔

فیصل موسم کی پرواہ کئے بغیر بھاگ بھاگ کر پارک میں اپنا وقت گزارنے والوں اور راہگیروں کو ٹھنڈ کی شدت سے کچھ دیر نپٹنے کے لئے گرما گرم چائے پیش کرتا ہے، بظاہر یہ ایک معمولی بات لگتی ہے لیکن اگر کوئی یہ اندازہ کرلے کہ فیصل جیسے نوجوان کن حالات میں کام کرتے ہیں اور یہ مشقت ان کے جسم و روح پر کیا نشان چھوڑتی ہے تو بلاشبہ ان لوگوں کو بخوبی احساس ہو جائے کہ ٹھٹھرا دینے والے اس موسم میں ارزاں قیمت پر ملنے والی وہ سہولت انمول ہے۔

 
WhatsApp FaceBook

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

متعلقہ خبریں
WhatsApp FaceBook
 
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube