مخالفت سیاست کا حسن ہوتا ہے لیکن اس مخالفت میں بلاوجہ دوسروں کو گھسیٹنے سے گریز ہی بھلا ، بصورت دیگر یہ مہنگی بھی پڑ سکتی ہے۔
ملک میں جاری مہنگائی کی لہر سے کسی کو انکار نہیں خصوصا ٹماٹروں کی قیمتوں کو لگنے والے پروں نے تو سوچنے سمجھنے کی صلاحیت کو بھی اڑا دیا ہے۔ ایسے میں معروف صحافی سلیم صافی نے ٹماٹروں کی قیمت سے متعلق ٹویٹ کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو نشانہ بنا ڈالا۔
سلیم صحافی نے اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان کے سابق کرکٹ کھلاڑی ہونے کے تناظرمیں طنز کرتے ہوئے شاہد آفریدی اور نامور اسکواش پلیئرز جان شیر خان اورجہانگیر خان کے حوالے سے لکھا کہ اب بھی کلیجہ ٹھنڈا نہ ہوا ہوتو انہیں وزیراعظم بنا لیں۔
اب بھی کلیجہ ٹھنڈا نہ ہوا ہو تو شاہد آفریدی کو وزیراعظم بنا لیں۔ پھر بھی کچھ کمی جائے تو جان شیر خان اور ان کے بعد جہانگیر خان کو بنا لیں۔ https://t.co/brp9rpLqq3
— Saleem Safi (@SaleemKhanSafi) November 11, 2019
شاہدآفریدی نے جو کہ پاکستان تحریک انصاف کے حامی بھی ہیں،اس ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے سلیم صافی کو ہمت سے کام لینے کا مشورہ دے دیا۔
آفریدی نے حکومت کا دفاع کرتے ہوئے لکھا کہ 70 سال کا بوجھ ہے تو کچھ وقت عمران خان کو بھی دے دیں۔
ستر سال کا بوج ہے سلیم بھائی تھوڑا وقت عمران خان کو بھی دے دیں؟ دنیا بھر میں کھلاڑیوں نے پاکستان کو جو مقام دیا ہے کاش کے ہمارے سیاست دان بھی دیتے! کرشمے کھلاڑی دکھاتے رہے ہیں اتنی جلدی ہمت نا ہاریں۔ پاکستان زندہ باد https://t.co/1BC3qXV9EB
— Shahid Afridi (@SAfridiOfficial) November 11, 2019
کھلاڑیوں کو نشانہ بنانے کے جواب میں سابق کپتان نے شکوہ کرتے ہوئے لکھا کہ کھلاڑیوں نے دنیا بھرمیں پاکستان کو جو مقام دیا کاش ہمارے سیاست دان بھی دیتے۔ سلیم صافی کو ہمت سے کام لینے کا مشورہ دیتے ہوئے واضح بھی کیا کہ کرشمے کھلاڑی دکھاتے رہے ہیں۔
اس ٹویٹ پر تبصروں میں بیشتر صارفین نے شاہد آفریدی کی حمایت کی تو بہت سوں نے یہ شکوہ بھی کرڈالا کہ وفاق کی بات چھوڑیں، پی ٹی آئی گزشتہ 6 سال سے خیبرپختونخوا میں بھی تو حکمراں جماعت ہے لیکن دعوؤں کے باوجود وہاں بھی تبدیلی نہ آسکی۔