شلپا شیٹی نے فٹنس ایپ لانچ کردی

May 9, 2019

صحت مند زندگی گزارنے کے لیے خود کو فٹ رکھنا انتہائی ضروری ہوتا ہےجس کے لیے جم جائے بغیرچارہ نہیں لیکن اب گھر بیٹھے بھی اپنے لیے تھوڑا سا وقت نکال کر صحت مندانہ طرز زندگی اپنایا جاسکتا ہے۔

فٹنس اور بیوٹی کے حوالے سے اکثر وبیشتر ویڈیوز پوسٹ کرنے والی بھارتی اداکارہ شلپا شیٹی نے اس حوالے سے اپنی ایپ لانچ کردی ہے۔

دی شلپا شیٹی ایپ کے نام سے اس ایپ میں ان خواتین کے لیے تقریبا پر طرح کی ایکسرسائز اور یوگا کے طریقے بتائے گئے ہیں جو کسی ٹرینر کی خدمات حاصل نہیں کرسکتیں یا روز مرہ روٹین میں ان کے لیے جم جانا ممکن نہیں ہوتا۔

ایپ میں یوگا کی عام مشقیں، فنکشنل ٹریننگ، حاملہ یا ماہواری کے مسائل سے دو چار خواتین کے لیے خصوصی مشقوں کے علاوہ پروگرام کیلئے علیحدہ سے ڈایئٹ چارٹ بھی دیا گیا ہے۔

شلپا شیٹی کا کہنا ہے کہ طرز زندگی کو بدلنا وقت کی ضرورت ہے، اس ایپ میں ہر ایک کے لیے کچھ نہ کچھ ہے۔ آپ کسی بھی قسم کے آلات کے بغیر آرام دہ طریقے سے اپنے گھر پر ہی ورزش کرسکتے ہیں۔

اس بات میں تو کوئی شک نہیں کہ 43 سال کی عمر میں بھی خود شلپا کی فٹنس بےمثال ہے، اسی لیے انہوں نے ایپ استعمال کرنے والوں کیلئے بھی اپنی پوری روٹین بیان کی ہے۔

اداکارہ کے مطابق وہ خود ٹیکنالوجی استعمال کرنے کے لحاظ سے کوئی خاص اچھی نہیں اس لیے اس بات کا بھرپور خیال رکھا جا رہا ہے کہ اسے صارفین کے لیے آسان تر بنایا جائے۔

ایپ لانچ ہونے کے صرف 48 گھنٹوں میں ہی اسے بےپناہ پزیرائی ملنے پر شلپا نے انسٹا پر خوشی کا اظہار کیا۔

فی الحال اس ایپ کو آئی فون صارفین ہی ایپل ایپ اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں جبکہ اینڈرائڈ صارفین کے لئے یہ 8 جون سے دستیاب ہوگی۔