کیا آپ اس بچی کو پہچانتے ہیں؟

April 15, 2019

اس بلیک اینڈ وائٹ تصویر میں نظر آنے والی بچی کو کیا آپ پہچان سکتے ہیں کہ یہ کون سی نامور شخصیت ہیں؟

ہاتھ میں بٹوا تھامے، معصوم چہرے والی سفید فراک میں ملبوس یہ بچی ہالی ووڈ کی مشہور اور معروف اداکارہ اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کی سفیر انجلینا جولی ہیں۔

انجلینا جولی اور بریڈ پٹ کا نام دنیا کے معروف اور پسندیدہ ترین فلمی جوڑوں میں شمار کیا جاتا رہا، تاہم مشہور جوڑی کی علیحدگی کی خبر مداحوں پر بجلی بن کر گری۔

بریڈ پٹ اور انجلینا جولی 2005 میں فلم ’’مسٹر اینڈ مسز اسمتھ‘‘ کے بعد سے ایک ساتھ رہ رہے تھے اور دونوں 2014 میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے لیکن پھر اچانک اس جوڑی نے شادی کے صرف دو سال بعد ہی علیحدگی کا فیصلہ کرلیا۔

علیحد گی کے بعد پہلی بار جولی نے انٹرویو کے دوران اپنے دل کی باتیں کرتے ہوئے کہا تھا کہ بریڈ پٹ کیساتھ سب کچھ بہترین تھا، بچوں کی وجہ سے زندگی مزید حسین ہو گئی تھی، تاہم گزشتہ گرمیوں میں ہمارے درمیان اختلافات شروع ہوگئے ہیں۔

جولی کا کہنا تھا کہ کیلی فورنیا آنے کا فیصلہ پرانی یادوں سے پیچھا چھڑانا تھا، میں یہاں ایک نئی زندگی شروع کرنا چاہتی ہوں، اپنے نئے گھر میں برتن دھونے اور کھانا پکانے سمیت تمام کام خود کرتی ہوں اور اس طرح بچوں کے ساتھ وقت گزار کر مشکل حالات سے مقابلہ کرنے کی کوشش کر رہی ہوں۔

واضح رہے کہ انجلینا جولی اور بریڈ پٹ کی12 سالہ رفاقت کے دوران ان کی پیشہ ورانہ زندگی بھی بہترین رہی، دونوں نے بلاک بسٹر  فلموں میں صلاحیتوں کے جوہر دکھائے اور فلمی دنیا کو کئی بہترین اور مشہور فلمیں دیں۔ انہوں نے پناہ گزینوں، خواتین اور بچوں کے حوالے سے بھی کافی کام کیا۔