معذور حسیناؤں کا شو

October 9, 2017

وارسا : تاریخی ملک پولینڈ میں معذور ماڈلز کے فیشن شو کا انعقاد کیا گیا، جو بیلاروس کی ایک لڑکی نے جیت لیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق پولینڈ میں وہیل چیئر استعمال کرنے والی ماڈلز کا ایک فیشن شو منعقد کیا گیا، اس مقابلے میں مس وہیل چیئر ورلڈ کا اعزاز بیلاروس کی ایک حسینہ نے حاصل کیا جبکہ دوسرے نمبر پر جنوبی افریقہ کی ایک لڑکی اور تیسرے نمبر پر میزبان ملک پولینڈ کی وہیل چیئر استعمال کرنے والی ایک نوجوان خاتون رہی۔

پولینڈ کے دارالحکومت وارسا سے ملنے والی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹس کے مطابق اپنی نوعیت کے اس اولین بین الاقوامی مقابلے کے انعقاد کا مقصد یہ تھا کہ مختلف معاشروں میں معذور انسانوں کی کسی نہ کسی جسمانی معذوری کے باعث ان سے متعلق پائی جانے والی روایتی سوچ کو تبدیل کیا جائے۔

’مس وہیل چیئر ورلڈ‘ بننے والی بیلاروس کی 23 سالہ آلیکساندرا چیچیکووا نے بعد ازاں حاضرین سے خطاب کیا تو انہوں نے خاص طور پر دیگر معذور خواتین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ’’آپ بھی اپنے خوف اور خدشات پر قابو پائیں۔‘‘

اس مقابلے کا اہتمام پولینڈ کی جس تنظیم نے کیا، اس کا نام ’اونلی ون فاؤنڈیشن‘ ہے۔ اس تنظیم کی بنیاد دو ایسی خواتین نے رکھی تھی جو خود بھی معذور ہیں اور جن کی خواہش یہ تھی کہ ان سماجی حدود و قیود کا خاتمہ کیا جائے جن کا معذور افراد کو اپنی معاشرتی زندگی میں سامنا کرنا پڑتا ہے اور جن کی وجہ سے وہ زندگی میں پیچھے رہ جاتے ہیں۔ اسی تنظیم کی طرف سے ماضی میں چار مرتبہ ملکی سطح پر مس وہیل چیئر پولینڈ کے مقابلوں کا اہتمام بھی کیا جا چکا ہے۔ ہفتے کی رات منعقد کیا گیا مس وہیل چیئر ورلڈ مقابلہ وہ پہلی کاوش تھا، جس کے ذریعے اس مقابلے کا قومی کے بعد اب بین الاقوامی سطح پر انعقاد کیا گیا۔ سماء

Email This Post
 
 

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.