گوادر ہوٹل حملے میں 5 افراد شہید ہوئے، آئی ایس پی آر کا نیا بیان

May 12, 2019

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے نیا بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوادر میں فائیو اسٹار ہوٹل پر ہونے والے حملے میں 5 افراد شہید جبکہ تین دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

گزشتہ روز تین دہشت گردوں نے گوادر کے پرل کانٹینیٹل ہوٹل پر حملہ کیا تھا جس میں آئی ایس پی آر سمیت پولیس اور وزیر داخلہ نے صرف ایک سیکیورٹی گارڈ کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہوٹل میں مہمان موجود نہیں تھے۔

اتوار کو آئی ایس پی آر نے ایک اور بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو سیکیورٹی گارڈ نے مرکزی حال میں داخل ہونے سے روکا جس پر دہشت گردوں نے ہوٹل کی سیڑھی پر کھڑے ہوکر فائرنگ کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج، بحریہ اور پولیس کی ٹیمیں بروقت ہوٹل پہنچیں اور دہشت گردوں کو ہوٹل کی چوتھی منزل تک محدود کیا گیا۔

آپریشن میں 5 افراد بھی شہید ہوئے جن میں ہوٹل کے 4 ملازمین اور نیوی کا اہلکار شامل ہے۔ شہداء میں سیکیورٹی گارڈ ظہور اور ہوٹل ملازمین بلاول، فرہاد اور اویس شامل ہیں۔

آئی ایس پی کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران 6 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں فوج کے دو کیپٹن، نیوی کے دو اہلکار اور ہوٹل کے دو ملازمین شامل ہیں۔

ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی لاشیں شناخت کے لیے تحویل میں لے لی گئی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے ہوٹل کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا سسٹم دھماکے سے اڑا دیا ہے۔