وزیراعظم کی دبئی میں آئی ایم ایف سربراہ سے ملاقات

February 10, 2019

وزیراعظم عمران خان عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف ) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لوگارڈے سے دبئی میں ملاقات کی ہے جس میں پاکستان کے لئے قرضے کی فراہمی پر بات چیت ہوئی۔ قبل ازیں وزیراطلاعات نے واضح کیا تھا کہ ایسی ڈیل نہیں چاہتے جس سے پاکستان کی ترقی متاثر ہو۔ معیشت کو متاثر کیے بغیر عارضی مدد کا پیکج چاہتے ہیں۔

عمران خان اور کرسٹین لوگارے کی ملاقات دبئی میں ورلڈ گورنمنٹ سمٹ کی سائیڈلائن پر ہوئی۔ وزیرخزانہ اسد عمر اور وزیراطلاعات فواد چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعظم کی اس ملاقات سے متعلق برطانوی خبر ایجنسی سے بات چیت میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ملاقات میں آئی ایم ایف کا نقطہ نظر سمجھنے اور ہمیں اپنا موقف پیش کرنے میں مدد ملے گی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مسئلہ آئی ایم ایف ڈیل نہیں ہے بلکہ اس کے ساتھ عائد کی جانے والی شرائط کا ہے۔ ہم ایسی ڈیل نہیں چاہتے جس سے پاکستان کی ترقی متاثر ہو بلکہ ایک ایسا پیکج چاہتے ہیں جو ہمیں عارضی طور پر ریلیف دے تاہم اس سے ہمارے طویل المدتی معاشی اہداف متاثر نہ ہوں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم ورلڈ گورنمنٹ سمٹ سے اپنے خطاب میں خوشحال اور مضبوط پاکستان کا ویژن اجاگر کریں گے، کانفرنس میں دنیا بھر سے پالیسی ساز،ماہرین اوراعلیٰ شخصیات شرکت کریں گی۔

دورے میں عمران خان متحدہ عرب امارات کی قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔