کراچی کے مسائل کا حل، وزیرِ بلدیات اور میئر کراچی ایک پیچ پر

October 11, 2018

وزیر بلدیات سندھ اور میئر کراچی شہر قائد کے مسائل کے حل کیلئے ایک ہوگئے، مل کر کام کرنے اور اختیارات کی منصفانہ تقسیم پر اتفاق ہوگیا۔ سعید غنی کا کہنا ہے کہ قانون کے تحت بلدیاتی نمائندوں کا جو حق ہے انہیں ملے گا، جو ان کے اختیار میں ہے وہ اسے پورا کریں گے اور باقی اختیارات کیلئے وزیر اعلیٰ سے بات کریں گے۔ میئر کراچی وسیم اختر کہتے ہیں کہ وزیر بلدیات نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیرِ بلدیات سندھ  نے میئر کراچی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، خوشگوار ماحول میں ہونے والی اس ملاقات میں سعید غنی نے قانون کے تحت بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دلانے کی یقین دہانی کرادی۔ وسیم اختر نے بھی مل کر کام کرنے کا عہد کرلیا۔

وزیر بلدیات سندھ اور میئر کراچی نے اس بات پر اتفاق بھی کیا کہ آئندہ ایک دوسرے پر قاتل اور ڈاکوؤں کے الزامات عائد نہیں کریں گے۔

پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کہتے ہیں کہ قانون کے تحت بلدیاتی نمائندوں کا جو بھی حق ہے انہیں ملے گا، میری کوشش ہوگی کہ جو اختیار میں ہے وہ کام پورا کروں، مزید معاملات پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بات بھی کی جائے گی۔