نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا فارم آن لائن آتے ہی نادرا کی ویب سائٹ بیٹھ گئی

October 11, 2018

نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا فارم ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے جمعرات کو عوام نے جیسے ہی نادرا کی ویب سائٹ کا رخ کیا تو دباؤ پڑنے سے نادرا کا سرور ہی بیٹھ گیا جس کے باعث ویب سائٹ کریش کر گئی۔

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ خواہشمند افراد نادرا کی ویب سائٹ سے فارم ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں اور اس سلسلے میں تمام ضروری ویری فیکیشن نادرا ہی کرے گا۔

جمعرات کی صبح ملک بھر سے عوام کی بڑی تعداد نے فارم ڈاؤن لوڈ کرنے کی غرض سے نادرا کی ویب سائٹ کا وزٹ کیا تاہم ٹریفک کا دباؤ معمول سے کئی گنا بڑھ جانے کے باعث ویب سائٹ ہی بیٹھ گئی۔

ترجمان نادرا نے ویب سائٹ کریشن ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے گھنٹے میں 62 ہزارفارم ڈاؤن لوڈ ہوئے ہیں۔ ایک سیکنڈ میں 10 ہزار ہٹس موصول ہورہی ہیں جس کے باعث ویب سائٹ عارضی طور پر متاثر ہوئی تاہم اب واپس معمول پر آگئی ہے۔

 

یہ بھی پڑھیں: نئے ہاؤسنگ پروجیکٹ کےلیے رجسٹریشن فارم جاری

 

وزیراعظم کے اعلان کردہ ہاؤسنگ اسکیم کے تحت پہلے مرحلے کیلئے اسلام آباد، کوئٹہ، سوات، سکھر، گلگت، فیصل آباد، مظفر آباد کا انتخاب کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں فارم نادرا کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کرکے 22 اکتوبر سے 21 دسمبر تک مختص دفاتر میں جمع کرائے جا سکیں گے۔

خاوند، بیوی اور بچوں میں سے صرف ایک شخص گھر کیلئے درخواست دینے کا اہل ہوگا۔ اس فارم کی قیمت ڈھائی سو روپے ہے۔ وہ لوگ فارم لینے کے اہل ہونگے جن کے پاس کوئی گھرموجود نہیں ہے۔

اس فارم میں نام، شناختی کارڈ نمبر، فیملی نمبر اور موبائل فون نمبر بتانا ہوگا۔ فارم میں اپنے یا کرائے کے موجودہ گھر کا ایڈریس بھی بتانا ہوگا۔

 

یہ بھی پڑھیں: قوم نے کرپٹ لوگوں کو برداشت کیا، اب مشکل سے گزرنا پڑے گا، عمران خان

 

گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے اجراء کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے بتایا تھا کہ پانچ سال میں پچاس لاکھ گھر فراہم کرنے کا ٹارگٹ ہے۔ دس سے پندرہ ہزار کمانے والے بھی اپنا گھر بناسکیں گے۔ ہاؤسنگ اسکیم ملک میں خوشحالی لے کر آئے گی۔ چالیس صنعتیں اس اسکیم سے فروغ پائیں گی۔