اسحٰق ڈار کے خلاف گھیرا تنگ، سفارتی پاسپورٹ منسوخ کر دئیے گئے

September 10, 2018

ایم ڈی پی ٹی وی اور اثاثہ جات کیس میں مطلوب سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے خلاف گھیرا تنگ ہوگیا، اسحٰق ڈار اور ان کی اہلیہ کے سفارتی پاسپورٹ منسوخ کر دئیے گئے، اٹارنی جنرل نے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی۔

لندن میں مقیم اسحٰق ڈار کو وطن واپس لانے کیلئے کوششیں تیز ہوگئیں وزارت داخلہ نے سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار اوران کی اہلیہ تبسم اسحٰق ڈار کا سفارتی پاسپورٹ منسوخ کردیا۔

ڈائریکٹوریٹ پاسپورٹ کی جانب سے اسحٰق ڈار کا عام پاسپورٹ بھی بلیک لسٹ میں ڈال دیا گیا جبکہ اٹارنی جنرل آفس نے رپورٹ سپریم کورٹ میں بھی جمع کرادی۔

پاسپورٹ منسوخی کے بعد اسحٰق ڈار کی برطانیہ سے کسی بھی دوسرے ملک سفر کی راہیں بند ہوگئیں ہیں ساتھ ہی انہیں وطن واپس لانے کیلئے پاکستان نے انٹرپول سے پہلے ہی رابطہ کررکھا ہے لیکن انٹرپول نے اس حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

یاد رہے کہ اسحٰق ڈار کی وطن واپسی سے متعلق کیس کی سماعت11ستمبر کو سپریم کورٹ میں ہوگی۔