Saturday, October 23, 2021  | 16 Rabiulawal, 1443

طالبان نے کابینہ میں مزید وزراء کی تقرری کا اعلان کردیا

SAMAA | - Posted: Sep 21, 2021 | Last Updated: 1 month ago
SAMAA |
Posted: Sep 21, 2021 | Last Updated: 1 month ago

طالبان نے عبوری کابینہ میں مزید وزراء کی تقرری کا اعلان کردیا۔ ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق نئے وزراء کی تقریب حلف برداری نہیں ہوگی، وہ فوری طور پر کام شروع کردیں گے۔

طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے آج منگل کو کابل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طالبان کی کابینہ میں باقی رہ جانے والی وزارتوں پر بھی وزراء کے ناموں کا اعلان کیا۔

ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ کہ وزرا کی تقریب حلف برداری نہیں ہوگی کیونکہ وہ عوام کی خدمت کے لیے فوری طور پر کام کرنا چاہتے ہیں۔

پنجشیر سے حاجی نور الدین عزیزی کو قائم مقام وزیر تجارت، بغلان کے تاجر حاجی محمد بشیر کو نائب وزیر تجارت، سرپل کے حاجی محمد عظیم سلطان زادہ کو نائب وزیر دوم برائے تجارت نامزد کیا گیا ہے۔

اسی طرح وزارت صحت کے لیے تین ناموں کا اعلان کیا گیا ہے جس میں ڈاکٹر قلندر عباد کو قائم مقام وزیرِ صحت، ڈاکٹر عبدالباری عمر کو نائب وزیرِ صحت اور ڈاکٹر محمد حسن غیاثی کو نائب وزیر دوم برائے صحت مقرر کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر محمد حسن غیاثی  نسلی اعتبار سے ہزارہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں نئی انتظامیہ کااعلان، ملامحمدحسن قائم مقام وزیراعظم مقرر

طالبان نے محکمہ داخلی سلامتی میں ملّا محمد ابراہیم کو نائب وزیر مقرر کیا ہے جبکہ ملّا عبدالقیوم ذاکر کو نائب وزیرِ دفاع کا قلمدان دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ انجینیئر نذر محمد متمن کو قومی اولمپکس کمیٹی کا قائم مقام چیئرمین بنایا گیا ہے۔

انجینیئر مجیب الرحمان کو نائب وزیر برائے توانائی، حاجی غلام غوث کو نائب وزیر برائے قدرتی آفات، ڈاکٹر محمد فقیر کو مرکزی ادارہ شماریات کے قائم مقام سربراہ، حاجی گل محمد کو نائب وزیر برائے سرحدی اُمورِ، گل زرین کوچی کو نائب وزیر برائے سرحدی اُمور، کمانڈر ارسلا خروٹی کو نائب وزیر برائے پناہ گزین افراد مقرر کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ لطف اللہ خیر خواہ کو نائب وزیر برائے اعلیٰ تعلیم اور انجینیئر نجیب اللہ کو محکمہ جوہری توانائی کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube