Saturday, October 16, 2021  | 9 Rabiulawal, 1443

فائزر ویکسین 5سے 11برس کے بچوں کیلئے محفوظ قرار

SAMAA | - Posted: Sep 20, 2021 | Last Updated: 4 weeks ago
SAMAA |
Posted: Sep 20, 2021 | Last Updated: 4 weeks ago

فائزر اور بائیو این ٹیک نے دعویٰ کیا ہے کہ آزمائشی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی کرونا وائرس ویکسین بچوں کیلئے بھی محفوظ ہے اور اس نے 5 سے 11 سال کی عمر کے بچوں میں مضبوط مدافعتی ردعمل پیدا کیا ہے، بچوں کو 12 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کے برعکس کم خوراک پر دی جائے گی۔

غیرملکی خبر رساں ادارے ’’اے ایف پی‘‘ کے مطابق امریکی فارماسیوٹیکل کمپنی فائزر اور اس کی جرمن پارٹنر نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ پانچ سے 11 برس کی عمر کے بچوں کیلئے ویکسین محفوظ ہے اور اینٹی باڈی کے مضبوط ردعمل کو ظاہر کرتی ہے اور وہ یورپی یونین، امریکا اور پوری دنیا کے ریگولیٹری اداروں کو ’جلد از جلد‘ اپنا ڈیٹا جمع کروانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 12 سال سے کم عمر کے بچوں کیلئے یہ اپنی نوعیت کے پہلے آزمائشی نتائج ہیں جبکہ 6 سے 11 سال کے بچوں کیلئے موڈرنا ٹرائل ابھی جاری ہیں۔

واضح رہے کہ فائزر اور موڈرنا دونوں ویکیسنز پہلے ہی 12 سال سے زائد عمر کے نوجوانوں اور دنیا بھر کے ممالک میں بالغ افراد کو دی جارہی ہیں۔

اگرچہ بچوں کے بارے میں خیال ہے کہ انہیں کرونا وائرس کا شدید خطرہ نہیں لیکن خدشات ہیں کہ انتہائی متعدی ڈیلٹا ویرینٹ زیادہ سنگین نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔

فائزر کے سی ای او البرٹ بورلا نے کہا کہ ہم ویکسین کے ذریعے فراہم کردہ تحفظ کو اس نوجوان آبادی تک بڑھانے کیلئے فکرمند ہیں، جولائی کے بعد سے امریکا میں بچوں میں کووڈ کیسز میں تقریباً 240 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔

کمپنیوں نے بتایا کہ پانچ سے 11 برس عمر کے ٹرائل گروپ کے بچوں کو ٹرائل میں 10 مائیکرو گرام کی 2 خوراکیں جبکہ بڑی عمر کے گروپوں کو 30 مائیکرو گرام کی خوراکیں دی گئی ہیں اور یہ شاٹس 21 دن کے وقفے سے دیئے گئے تھے۔

فائزر اور بایو این ٹیک اپنی ویکسین کو 6 ماہ سے 2 برس کی عمر کے بچوں اور 2 سے 5 سال کے بچوں پر بھی آزما رہے ہیں۔ ان کمپنیوں نے کہا کہ ان ٹرائلز کے پہلے نتائج اس سال کی چوتھی سہ ماہی میں متوقع ہیں، ان ٹرائلز میں امریکا، فن لینڈ، پولینڈ اور اسپین میں 6 ماہ سے 11 برس کی عمر کے 4500 بچے رجسٹرڈ ہیں۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube