Saturday, October 16, 2021  | 9 Rabiulawal, 1443

ایران نے پاکستان سے تمام پروازوں پر پابندی لگادی

SAMAA | - Posted: Apr 24, 2021 | Last Updated: 6 months ago
SAMAA |
Posted: Apr 24, 2021 | Last Updated: 6 months ago

ایران نے کرونا وائرس کی تیسری لہر پر قابو پانے کیلئے پاکستان سے آنے اور جانیوالی تمام پروازوں پر پابندی لگادی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق محکمہ شہری ہوابازی کے ترجمان محمد حسن داہی بخش نے کہا ہے کہ ایران کی وزارت صحت نے کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر پاکستان اور بھارت سے آنے اور وہاں جانیوالی تمام پروازوں پر پابندی عائد کردی ہے۔

ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق پابندی کا اطلاق مقامی وقت کے مطابق ہفتہ کی شب 12 بجے سے ہوگا۔

پاکستان میں یکم سے 23 اپریل تک ایک لاکھ 11 ہزار 851 نئے کیسز اور 2 ہزار 568 مریض انتقال کرچکے ہیں، مجموعی طور پر اموات کی تعداد 16 ہزار 999 تک پہنچ چکی ہے۔

بھارت میں صورتحال انتہائی خراب ہے، صرف 3 روز کے دوران 7 ہزار سے زائد افراد لقمۂ اجل بن چکے ہیں جبکہ 4 اپریل کے بعد سے مسلسل ایک سے تین لاکھ تک نئے کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔

ایران کے شہری ہوا بازی کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ایران اور بھارت کے درمیان براہ راست پروازیں نہیں چلتیں تاہم تمام کنیکٹنگ فلائٹس پر بھی پابندی ہوگی۔

ترجمان محمد حسن داہی بخش نے بتایا ہے کہ ایران کی جانب سے 41 ممالک کی پروازوں پر پہلے ہی پابندی عائد ہے اور جو مسافر زیادہ متاثرہ ممالک جانا چاہتے ہیں یا وہاں سے واپس آنا چاہتے ہیں تو ان کا ایران میں کرونا ٹیسٹ لازمی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آٹھ سال سے زائد عمر کے مسافروں کو سفر سے 96 گھنٹے پہلے پی سی آر ٹیسٹ جمع کروانا لازمی ہے جبکہ بیرون ملک سے آمد پر دوبارہ ٹیسٹ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ایرانی وازرت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایران میں 18 ہزار 230 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 374 اموات ہوئی ہیں، ایران میں کرونا وائرس سے اب تک تقریباً 70 ہزار اموات ہوچکی ہیں۔

ایرانی صدر حسن روحانی کا قومی ٹیم سے خطاب کرتے ہوئے اس حوالے سے کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے بھارتی ویرینٹس کی شکل میں ہمیں نئے خطرے کا سامنا ہے، بھارتی کرونا وائرس برازیل اور برطانوی ویرینٹس سے بھی زیادہ خطرناک ہے۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube