Saturday, September 25, 2021  | 17 Safar, 1443

مسجد الحرام: خواتین سیکیورٹی اہلکار مطاف میں تعینات

SAMAA | - Posted: Apr 20, 2021 | Last Updated: 5 months ago
SAMAA |
Posted: Apr 20, 2021 | Last Updated: 5 months ago

مسجد الحرام کی سیکیورٹی کیلئے خواتین اہل کاروں کا دستہ بھی تعینات کردیا گیا ہے۔ سیکیورٹی اہل کار مطاف کے ارد گرد خواتین عمرہ زائرین کو مدد فراہم کرسکیں گی۔

خاتون سکیورٹی اہلکار خانہ کعبہ کے طواف کو منظم کرنے میں حصہ لے رہی ہے۔ سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے خاتون سیکیورٹی اہلکار کی تصویر جاری کی گئی ہے۔ خاتون سکیورٹی اہلکار عمرہ زائرین سے خانہ کعبہ کے طواف کے دوران حفاظتی ماسک اور سماجی فاصلے کی پابندی پر عمل کراٗئیں گی۔ لوگوں نے عمرہ زائرین کی سلامتی اور مسجد الحرام کے تحفظ کے انتظامات میں خواتین کی شرکت پر پسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔

قبل ازیں ادارہ امور حرمین شریفین کی جانب سے خواتین عمرہ زائرین کی رہنمائی اور مدد کیلئے 1500 خواتین اہلکاروں کی خدمات حاصل کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔ متعین کی جانے والی 1500 مدد گار خواتین میں سے 600 اہلکار ادارے میں فنی امور کی دیکھ بھال کریں گی، جب کہ 50 خواتین اہلکار الیکٹرانک ویل چیئرز کی نگرانی اور انہیں استعمال کرنے کے حوالے سے خواتین زائرین کی رہنمائی کے فرائض انجام دیں گی، جب کہ باقی 850 خواتین اہلکار فیلڈ ورک کیلئے مخصوص ہیں۔

واضح رہے کہ مسجد الحرام میں گائیڈ خواتین کی جانب سے خواتین عمرہ زائرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جاتی ہے۔ گراؤنڈ میں موجود خواتین رہنمائی کا کام کرتی ہیں۔ یہ خواتین مسجد الحرام میں مختلف مقامات پر تعینات کی جاتی ہیں تاکہ آنے والی خواتین زائرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جاسکے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب میں خواتین کو با اختیار بنانے کے مختلف منصوبوں کا آغاز سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اقتدار سنبھالنے کے بعد کیا۔ جسے کے بعد سعودی عرب میں مختلف شعبوں میں خواتین کی تعیناتیوں کا عمل شروع ہوا۔ اس ضمن میں سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار حرمین شریفین کے انتظامی امور میں ایک خاتون کو اہم عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔

مسجد حرام اور مسجد نبوی کے جنرل امور کے چیئرمین الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے ڈاکٹر فاطمہ الرشود کو سال 2019 میں حرمین کے امور نسواں کی معاون سیکریٹری مقرر کیا۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube