خشوگی کے قتل کاحکم شہزادہ محمدبن سلمان نےدیا،انٹیلی جنس رپورٹ

SAMAA | - Posted: Feb 27, 2021 | Last Updated: 2 months ago
SAMAA |
Posted: Feb 27, 2021 | Last Updated: 2 months ago

امریکی انٹیلی جنس رپورٹ میں اس بات کا دعویٰ کیا گیا ہے کہ صحافی جمال خشوگی کے قتل کی منظوری سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے دی تھی۔ سعودی عرب نے رپورٹ مسترد کردی

امریکی نشریاتی ادارے کیبل نیوز نیٹ ورک ( سی این این) کی جانب سے جاری انٹیلی جنس دستاویزات اور رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے کہ مقتول واشنگٹن پوسٹ کے صحافی جمال خشوگی کو سعودی شہزادے محمد بن سلمان کی جانب سے منظوری ملنے کے بعد قتل کیا گیا۔

سی آئی اے رپورٹ کا عکس

رپورٹ کے مطابق خشوگی کے قتل میں 21 افراد کی ٹیم نے حصہ لیا جس کو محمد بن سلمان نے خشوگی کو گرفتار یا قتل کرنے کا ٹاسک دیا تھا۔

امریکی انٹیلی جنس کی رپورٹ میں سنگین الزام لگاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جمال خشوگی کو آخری بار ترکی کے شہر استنبول میں سعودی قونصل خانے میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا گیا تھا، جہاں سے وہ کبھی باہر نہیں آئے۔

امریکی نشریاتی ادارے کی جانب سے انٹیلی جنس رپورٹ بھی جاری کی گئی ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سعودی شہزادے کا کہنا تھا کہ خشوگی کو یا تو گرفتار کیا جائے یا اسے مار دیا جائے۔ سعودی شہزادے کا یہ بھی کہنا تھا کہ تشدد کے ذریعے ہمیں اس آواز کو ختم کرنا ہوگا۔

قتل کے 2 سال بعد رپورٹ آفس آف ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔ سی آئی اے کی اطلاعات اور تحقیقات پر مبنی اس رپورٹ میں ایسی 3 وجوہات بیان کی گئی ہیں جن کی بنیاد پر یہ کہا گیا ہے کہ ولی عہد نے آپریشن کی منظوری دی تھی۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سال 2017 کے بعد سے محمد بن سلمان نے سعودی عرب کی سیکیورٹی اور انٹیلی جنس آپریشنز پر مکمل کنٹرول حاصل کیا تھا جس کی وجہ سے یہ ممکن نہیں کہ سعودی حکام نے اس نوعیت کا آپریشن ان کی منظوری کے بغیر کیا ہو۔

محمد بن سلمان نے صحافی کو مملکت کیلئے خطرہ قرار دیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق استنبول آپریشن میں ولی عہد کی حفاظت پر معمور ایک مشیر براہ راست ملوث تھے جس سے اس بات کو تقویت ملتی ہے کہ ولی عہد کو اس آپریشن کا علم تھا۔ ان افراد کے نام لیے گئے ہیں جن پر خشوگی کے قتل کا الزام یا ذمہ داری ڈالی گئی ہے۔ سعودی ایلیٹ انٹیلی جنس یونٹ ریپڈ انٹرونشن فورس کو جمال خشوگی قتل کا واحد ذمہ دار قرار دیا گیا۔

امریکی کانگریس

کانگریس کی انٹیلی جنس کمیٹی کے چیئرمین ایڈم شیف نے جوبائیڈن انتظامیہ پر زور دیا کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ رپورٹ میں جنہیں ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ کمیٹی کے رکن سینیٹر رون وائیڈن سعودی ولی عہد کے علاوہ سعودی عرب پر بھی پابندیوں کا مطالبہ کیا۔

سعودی شخصیات پر پابندیاں

انٹیلی جنس رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد امریکا کی جانب سے بھی سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ ادھر امریکی وزارت خارجہ نے 76سعودی شخصیات اور اہلکاروں پر ویزاپابندیاں عائد کردیں۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے سعودی عرب کے بادشاہ شاہ سلمان سے فون پر رابطہ کیا جس میں انہوں نے امریکا کی جانب سے انسانی حقوق اور قوانین کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیا۔

امریکی حکام کے مطابق سعودی ولی پر پابندیاں نہیں لگائی جائیں گی۔ قتل میں کردار اداکرنے پر امریکا نے سابق سعودی انٹیلی جنس چیف احمد الاسیری ، سعودی ایلیٹ انٹیلی جنس یونٹ ریپڈ انٹرونشن فورس اور اس کے ا ہلکاروں پر بھی پابندیاں لگا دیں ہیں۔ امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق وہ ان افراد اور یونٹس کے اثاثے منجمد کردے گا۔ چند ایسی سعودی شخصیات اور اہلکاروں پر بھی پابندی لگائی گئی ہے جو صحافیوں اور سیاسی مخالفین کے خلاف سرحدوں سے باہر مذموم سرگرمیاں سرانجام دیتے ہیں، جن میں ہراساں کرنا، نگرانی کرنا، دھمکی دینا یا جسمانی نقصان پہنچانا شامل ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہاکہ غیر ملکی حکومتوں کے کہنے پر صحافیوں، سماجی کارکنان کو دھمکانے کے اقدامات کو برداشت نہیں کیاجائے گا۔ سعودی عرب کی جانب سے سیاسی مخالفین اور صحافیوں کو ماورائے سرحد دھمکانے اور حملے کرانے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔

بائیڈن کا فرماں رواں کو فون

اس سے قبل امریکی صدر جو بائیڈن نے سعودی شاہ سلمان کو ٹیلی فون کیا۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر بائیڈن نے سعودی شاہ کو یقین دلایا کہ دوطرفہ تعلقات کو ہر ممکن حد تک مضبوط اور شفاف بنانے کیلئے وہ کام کریں گے ۔ بات چیت کے دوران انہوں نے جمال خشوگی رپورٹ کا کوئی ذکر نہ کیا۔ دوسری جانب سعودی عرب نے امریکی رپورٹ کو یکسر مسترد کردیا۔

پس منظر

واضح رہے کہ سعودی نژاد امریکی صحافی اور امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے نمائندے جمال خاشقجی کو سنہ 2018 میں استنبول کے سعودی سفارت خانہ میں بڑی بے رحمی سے قتل کر دیا گیا تھا۔ سعودی عرب کے سفارت خانے کی عمارت کے اندر سعودی اہلکاروں کے ہاتھوں ہونے والے اس قتل میں ملوث ہونے کے تمام الزامات کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے تردید کی ہے۔

قتل کیسے کیا گیا

سعودی عرب کے حکام کے مطابق جمال خاشقجی پر قابو پانے کے لیے انہیں ایک انجیکشن لگایا گیا اور جسمانی کشمکش کے دوران انھیں انجیکشن کی ضرورت سے زیادہ مقدار لگ گئی جس سے ان کی موت واقع ہو گئی۔ جس کے بعد ان کی لاش کے ٹکڑے کر کے کچھ مقامی مددگاروں کے حوالے کر دی گئی۔ ان کی لاش کا اس کے بعد سے کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

ترکی کے خفیہ اداروں کی طرف سے جاری کردہ معلومات جن میں کچھ آڈیو مواد بھی شامل ہے، دل دہلانے دینے والی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ خاشقجی ماضی میں سعودی عرب کی حکومت کے مشیر کے طور پر بھی کام کر چکے تھے لیکن بعد میں سعودی حکمران خاندان کی نظروں میں کھٹکنے لگے اور وہ ملک چھوڑ کر سنہ 2017 میں امریکا چلے گئے۔

سعودی حکام نے سعودی صحافی کے قتل کے واقعے کو ‘سرکش آپریشن’ قرار دیا اور سعودی عرب کی ایک عدالت نے اس قتل کے جرم میں پانچ اہلکاروں کو موت کی سزا سنائی تھی لیکن گزشتہ سال ستمبر میں ان کی سزا میں کمی کر کے اس کو 20 سال قید میں بدل دیا گیا۔ امریکا میں انہوں نے واشنگٹن پوسٹ کے لیے محمد بن سلمان کی پالیسی پر تنقیدی کالم لکھنے شروع کر دیے۔

اپنے پہلے ہی کالم میں انہوں نے لکھا تھا کہ انھیں سعودی عرب میں گرفتاری کا خوف تھا کیوں کہ محمد بن سلمان اپنے تمام مخالفین کی آواز دبانے کی کوشش کر رہے تھے۔ انھوں نے اپنے آخری کالم میں یمن پر سعودی عرب کے حملے پر شدید تنقید کی تھی۔

WhatsApp FaceBook

آپ کے تبصرے :

Your email address will not be published.

متعلقہ خبریں
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube