متحدہ عرب امارات کے بعد سعودی عرب نے پاکستان سمیت 20 ممالک کے شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق اس عارضی پابندی کا اطلاق 3 فروری کو سعودی وقت کے مطابق صبح 9 بجے سے ہوگا۔ اس پابندی کا اطلاق سفارت کاروں، ہیلتھ ورکرز اور ان کے اہل خانہ پر بھی ہوگا۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق ملک میں کرونا وبا کی صورتحال اور پبلک ہیلتھ کو مدنظر رکھتے ہوئے 20 ممالک کے شہریوں کا سعودی عرب میں داخلہ عارضی طور پر بند کردیا ہے۔ ان ممالک میں ارجنٹائن، متحدہ عرب امارات، جرمنی، امریکا، انڈونیشیا، آئرلینڈ، اٹلی، پاکستان، برازیل، پرتگال، برطانیہ، ترکی، جنوبی افریقہ، سویڈن، سوئٹزرلینڈ، فرانس، لبنان، مصر، ہندوستان اور جاپان شامل ہیں۔
اس سے قبل متحدہ عرب امارات نے بھی کرونا وائرس کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان سمیت 13 مسلمان ممالک کے شہریوں کو ویزے جاری کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔