اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں زوردار دھماکے سے 4 افراد ہلاک اور متعدد عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ گلیوں میں ہر طرف ملبہ بکھرا ہوا پڑا ہے۔
اسپینش میڈیا کے مطابق پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ علاقے کی جانب جانے سے گریز کریں جبکہ امدادی ادارے جائے وقوع پر پہنچ چکے ہیں۔ اب تک 4 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
Fuerte explosión en Puerta de toledo. @laSextaTV @A3Noticias @telemadrid pic.twitter.com/kr7rpfaCgR
— Jennifer SM (@Jenniferlalala9) January 20, 2021
دھماکا ہونے کے فوری بعد کی ویڈیوز اور تصاویر میڈیا اور سوشل میڈیا پر جاری ہوچکی ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دھواں اور گردوغبار آسمان میں بلند ہورہا ہے جبکہ سڑک اور اطراف کی گلیوں میں ہر طرف کنکریٹ کا ملبہ بکھرا ہوا ہے اور لوگ افرا تفری کے عالم میں ادھر ادھر بھاگ رہے ہیں۔
پولیس سمیت تحقیقاتی اداروں نے ابھی تک باقاعدہ طور پر یہ نہیں بتایا کہ دھماکا کیسے ہوا مگر خیال کیا جارہا ہے کہ گیس لیک سے دھماکا ہوا ہے۔
حکام کے مطابق جس عمارت میں دھماکا ہوا، وہ کیتھولک چرچ کی ملکیت ہے۔ چرچ حکام کے مطابق ان کا ایک رضاکار تاحال لاپتہ ہے۔ میڈرڈ کے میئر کا کہنا ہے کہ قریبی عمارتوں میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا مگر ملبہ کافی دور تک بکھرا ہے۔