فوٹو: سری وجایا ائیر
انڈونیشیا کی سری وجایا ایئر لائن کا جکارتہ سے اڑنے والا طیارہ جاوا کے سمندر ميں گرکر تباہ ہوگيا۔
فلائٹ ریڈار 24 سے پتہ چلتا ہے کہ طیارہ بوئنگ 737-500 سیریز سے تھا جو جکارتہ سے پونٹیانک جارہا تھا۔ طیارے میں 6 بچوں سميت 59مسافر سوار تھے۔
انڈونیشن سول ایوی ایشن کے مطابق ٹيک آف کے چار منٹ کے اندر طيارے کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوا۔
دوسری جانب سری وجایا ایئر کے نمائندوں نے فوری طور پر کسی بھی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔
وزارت ٹرانسپورٹ کی ترجمان ادیتا ایراوتی کے مطابق حادثے میں تباہ ہونے والے طیارے کی تلاش اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔
مقامي ميڈيا کے مطابق کوسٹ گارڈ نے بتايا ہے کہ حادثے کے بعد مقامی لوگوں کو سطح سمندر پر طيارے کا ملبہ ملا ہے، طیارہ مغربی صوبے کالی مانتن کے شہر پونتیانک جارہا تھا۔
واضح رہے کہ سال 2014ء ميں ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور سے اڑان بھرنے والی فلائٹ ايم ايچ 370 بھی اسی طرح حادثے کا شکار ہوگئی تھی، جس میں 239 مسافر سوار تھے۔