سن 2016 میں فوج کی مددکرنےپر4شہریوں کو بھی سزا
ترکی کی عدالت نے سن 2016 میں ملک میں ناکام فوجی انقلاب لانے کی کوشش کرنے والے 17 فوجی جرنیلوں سمیت پائلٹس اور متعدد دیگر فوجیوں کو عمر قيد کی سزا سنا دی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سزا پانے والوں ميں سابق پائلٹ ليفٹيننٹ کرنل حسن حسنو بھی شامل ہیں جنہوں نے ترک فضائيہ کو پارليمنٹ پر بھی بمباری کا حکم ديا جس کا مقصد صدر رجب طيب اردوان کو جان سے مارنا تھا۔
عدالت نے بغاوت ميں مدد دينے پر چار ترک شہريوں کو بھی 79 سال قيد کی سزا کا حکم ديا ہے۔
سزا پانے والے فوجی اس گروپ کا حصہ تھے جنہوں نے سن 2016 میں ملک میں فوجی انقلاب لانے کی ناکام کوشش کی تھی اور اس دوران صدر کو قتل کرنے کی کوشش کے علاوہ 249 افراد بھی قتل کیے تھے۔ان کے خلاف مقدمے کا آغاز سن 2017 میں ہوا تھا۔
مذکورہ 17 اعلیٰ فوجی افسران کو 141 عمر قیدوں کی سزا ہوئی ہے جو کہ ترکی میں سن 2002 میں موت کی سزا ختم کیے جانے کے بعد سے اب تک کی سب سے کڑی سزا ہے جس کے دوران جیل کی دیگر سختیوں کے علاوہ پرول پر رہائی بھی ممکن نہیں ہوگی۔