ایران کے صدر حسن روحانی نے ملک بھر میں جزوی طور پر معاشی سرگرمیاں بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسلامہ جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے جزوی معاشی سرگرمیوں کی بحالی کیلئے 11 اپریل کی تاریخ دی ہے۔ قومی مرکز برائے انسداد کرونا وائرس میں خطاب کرتے ہوئے صدر حسن روحانی نے کہا کہ وبا کے پیش نظر بند کی گئی ان معاشی سرگرمیوں کو دوبارہ کھول رہے ہیں جو کم خطرات والے ہیں۔
صدر حسن روحانی نے ایران کے مقدس مقامات اور زیارت گاہوں کو کھولے جانے کے بارے میں کہا کہ یہ مقدس مقامات 18 اپریل تک بند رہیں گے اور آئندہ اجلاس میں اس سلسلے میں فیصلہ کیا جائے گا، تاہم تہران میں فی الحال تمام معاشی سرگرمیوں پر پابندی برقرار رہے گی۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ صدر روحانی کے اعلان میں تعلیمی اداروں، کھیلوں کی سرگرمیوں اور ہر قسم کی تقریباب پر پابندی میں 18 اپریل تک توسیع کا بھی کہا گیا ہے۔
ایرانی صدر کا مزید کہنا تھا کہ دو تہائی سرکاری ملازم 11 اپریل سے دفاتر میں کام شروع کریں گے، تاہم ان سب افراد کو وزارت صحت کی جانب سے دی گئی ہدایات اور احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہونا پڑے گا۔
واضح رہے کہ ایران میں کورونا وائرس نے بڑی تباہی مچائی ہے، مہلک وبا سے 3 ہزار 6 سو سے زائد اموات ہوئیں، جب کہ 60 ہزار کے قریب افراد متاثر ہوئے۔