آسٹریلیا کے جنگلوں میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔
آسٹریلوی خبر رساں ادارے کی جانب سے جاری اطلاعات کے مطابق آسٹریلوی ریاست کوئنز لینڈ میں چھوٹا طیارہ پرواز کے فوراً بعد ہی گر کر تباہ ہوگیا۔ عینی شاہدین کے مطابق طیارہ فضا میں ہچکولے کھاتا ہوا نظر آرہا تھا، جس کے کچھ دیر بعد ہی وہ زمین پر آ گرا۔
حادثے میں طیارے میں موجود پائلٹ اور مسافر ہلاک ہوگئے۔ طیارے کے پائلٹ کی عمر 60 سال جب کہ مسافر کی عمر 71 سال تھی۔
حادثے کی وجہ کا تعین کرنے کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
سول ایوی ایشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ طیارے کو ایک نجی پراپرٹی پر اتارنے کی کوشش کے دوران ایک درخت سے ٹکرا کر بے قابو ہوگیا ہو تاہم حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔