ہوم   > بین الاقوامی

افغانستان میں دو خودکش دھماکے، ہلاکتیں 48 تک پہنچ گئیں

4 weeks ago

افغانستان میں  2 خود کش حملوں میں ہلاک افراد کی تعداد 48 تک پہنچ گئی، درجنوں افراد زخمی بھی ہیں، صوبہ پروان میں ہونیوالے دھماکے میں افغان صدر بال بال بچ گئے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق پہلا خود کش حملہ افغان صوبہ پروان میں اس وقت کیا گیا جب افغان صدر اشرف غنی کی قیادت میں انتخابی ریلی نکالی جارہی تھی، حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا۔

میڈیا کے مطابق افغان صدر اشرف غنی  حملے میں مکمل محفوظ رہے۔ افغان حکام کے مطابق جلسہ گاہ لوگوں سے کھچا کھچ بھری ہوئی تھی، دھماکے میں 26 افراد جاں بحق اور 42 زخمی ہوئے، مرنے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

 افغان میڈیا کے مطابق اشرف غنی ستمبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے حوالے سے پروان میں ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔

رپورٹس کے مطابق دوسرا خودکش حملہ دارالحکومت کابل میں امریکی سفارتخانے اور فوجی بیس کے قریب ہوا، جس میں 22 افراد جاں بحق جبکہ 35 سے زائد زخمی ہوگئے، ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

دونوں دھماکوں کی ذمہ داری افغان طالبان کی جانب سے قبول کی گئی ہے، میڈیا کو جاری ایک بیان میں طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ ہم نے پہلے ہی لوگوں کو خبردار کیا تھا کہ انتخابی ریلیوں میں شرکت نہ کریں۔ واضح رہے کہ افغانستان میں صدارتی انتخابات رواں ماہ 28 ستمبر کو ہو رہے ہیں۔ اس سے قبل دو مرتبہ افغان صدارتی انتخابات ملتوی ہوچکے ہیں۔

امریکی حکومت اور افغان طالبان کے مابین براہ راست مذاکرات ملتوی ہونے پر جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طالبان کو سخت تنبیہ کی تھی، وہیں افغان طالبان نے بھرپور کارروائیوں اور حملوں میں تیزی لانے کا اعلان کیا تھا۔

 

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

 
متعلقہ خبریں